2 ماہ میں چینی کی قیمت میں45 روپے اضافہ تشویشناک : کنفیکشنری ایسوسی ایشن
لاہور (کامرس رپورٹر )آل پاکستان کنفیکشنری اینڈ سنیکس مینو فیکچرنگ ایسوسی ایشن اورسویٹس اینڈ بیکرز ایسوسی ایشن پاکستان نے چینی کی قیمتوں میں مسلسل اضافے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کو شوگر مافیا کے خلاف موثر اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔گزشتہ 2ماہ کے دوران چینی کی قیمتوں میں 45 روپے کے اضافے سے کھانے پینے کی مصنوعات بنانے والی انڈسٹری انتہائی تکلیف دہ صورتحال سے دو چار ہے۔ کنفیکشنری، سنیکس،جوس اور بیوریج بنانے والی متعدد کمپنیوں کو ایکسپورٹ آرڈرز پورے کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ آل پاکستان کنفیکشنری اینڈ سنیکس مینو فیکچرنگ ایسوسی ایشن پاکستان کے رہنماؤں چوہدری محمد ارشد، شیخ محمد طاہر انجم، شیخ خالد محمود،شیخ عدنان،محمد وسیم ،بیکرز ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین حاجی ریاض الحسن کا کہنا ہے کہ گزشتہ 2 ماہ کے دوران چینی کی قیمت میں 45 روپے فی کلو گرام اضافہ کیا گیا ہے جس کا کوئی جواز نہیں کیونکہ شوگر ملوں کا پروڈکشن سیزن چند ماہ پہلے ختم ہوا ہے۔ شوگر ملوں اور متعلقہ اداروں میں چینی کے وافر ذخائر موجود ہیں لیکن ذخیرہ اندوز اور سٹہ مافیا مل کر چینی کی قیمتوں میں روز بروز اضافہ کر رہے ہیں اور ان پر آ ہنی ہاتھ ڈالنے والوں نے بھی چپ سادھ لی ہے جس کی وجہ سے عوام پریشان ہیں اورقومی خزانے میں کروڑوں ڈالر لانے والی فوڈ انڈسٹری کو شدید بحران کاسامنا ہے۔