منافع بڑھائیں : پیٹرولیم ڈیلرز نے کل سے ہڑتال کا اعلان کردیا
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے اپنا منافع بڑھانے کے لئے ایک بار پھرحکومت پر دباو ڈالتے ہوئے کل سے ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند کرکے غیر معینہ مدت تک ہڑتال پر جانے کا اعلان کردیا۔ ایسوسی ایشن کے چئیرمین عبدالسمیع خان نے ملک خدا بخش،طارق تنولی اوردیگر کے ہمراہ کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس میں مطالبہ کیا ہمارا مارجن6 روپے سے بڑھا کر 11روپے کیا جائے۔ ہڑتال کے اعلان کے بعد وزیرمملکت برائے مصدق ملک نے عبدالسمیع خان کوکراچی پریس کلب میں ہی فون کیا اور ان سے ہڑتال کا اعلان واپس لینے کا مطالبہ کردیا۔عبدالسمیع خان نے مصدق ملک سے بات چیت میں کہا آپ وزیراعظم شہبازشریف سے بات کریں اور جلد کراچی پہنچ کرمیڈیا کے سامنے تحریری معاہدہ کریں،میں ہڑتال کا اعلان کرکے واپس نہیں لے سکتا، میں نے ہڑتال واپس لے لی تو میںاپنے ڈیلرز کو منہ نہیں دکھا سکوں گا۔ عبدالسمیع نے مصدق ملک سے کہا میں 4 روز سے آپ کا انتظار کررہاہوں آپ نے جواب تک نہیں دیا ،جو فیصلہ کرنا ہے آپ کراچی آجائیں ،ہم مزاکرات کے لئے اسلام آباد نہیں جائیں گے۔قبل ازیں عبدالسمیع نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ملک بھر میں ایرانی پیٹرول اور ڈیزل کی سمگلنگ حکومتی سرپرستی میں جاری ہے ، ہم مشکل حالات میں کاروبار جاری رکھے ہوئے ہیں،موجودہ صورتحال میں افراط زر کی شرح ریکارڈ سطح پر ہے،بجلی اوردیگر یوٹیلیٹیز کے باعث مالی لاگت دوگنا بڑھ گئی ہے، ہماری آمدن بالکل ختم ہوکر رہ گئی ہے اور موجودہ ڈیلرز مارجن پر کام کرنا ناممکن ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا یہ ہڑتال غیر معینہ مدت کیلئے ہوگی تاہم نو اور دس محرم کو ہڑتال نہیں کرینگے لیکن تحفظات دور ہونے تک پیٹرول کی فراہمی کو بند رکھا جائے گا۔انہوں نے کہا ضلعی انتظامیہ نے بغیر ہیلمٹ پٹرول فروخت پر پابندی عائد کی جسے فوری ختم کیا جائے، پیٹرول کی فروخت میں کمی سے مالی نقصان جبکہ ملازمین کی تنخواہیں و دیگر اخراجات پورا کرنا مشکل ہو رہا ہے۔
پیٹرولیم ڈیلرز