ڈالر انٹربنک میں 1.35 روپے مہنگا سونے کی قیمت 5300 روپے تولہ گر گئی
کراچی (کامرس رپورٹر ) انٹر بنک میں روپے کے مقابلے ڈالر مزید مہنگا ہو گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 289 پر مستحکم رہی۔ اسٹیٹ بنک کے مطابق جمعرات کو انٹربنک میں ڈالر 1.35روپے کے اضافے سے 285.15روپے پر پہنچ گیا جبکہ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق جمعرات کو کمرشل بنکوں میںانٹربنک میں ڈالر1.05روپے کے اضافے سے 285.25روپے ہوگیا۔ یورو کی قدر 323.20روپے سے بڑھ کر 324.20روپے ہو گئی، اسی طرح برطانوی پونڈ کی قدر 373روپے سے بڑھ کر 374روپے پر جا پہنچی۔ سعودی ریال کی قیمت فروخت 77.30روپے اور یو اے ای درہم کی قیمت فروخت 79روپے رہی۔ دوسری طرف ملکی صرافہ مارکیٹوں میں ایک تولہ سونے کی قیمت میں 5300روپے کی ریکارڈ کمی واقع ہوئی جس کے بعد ایک تولہ سونا 2لاکھ 21ہزار 100روپے کا ہو گیا۔ آل پاکستان سپریم کونسل جیولرز ایسوسی ایشن کی رپورٹ کے مطابق دس گرام سونا 4544روپے سستا ہو گیا اور دس گرام سونا 1لاکھ 89ہزار 558روپے ہو گیا جبکہ عالمی مارکیٹ میں 5 ڈالر کے اضافے سے فی اونس سونا 1978ڈالر ہو گیا۔
ڈالر/ سونا