پاکستان نے سری لنکا کو پہلا ٹیسٹ 4وکٹوں سے ہر ادیا
لاہور(سپورٹس رپورٹر ) پاکستان نے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا پہلا ٹیسٹ جیت کر فتح سے آغاز کردیا۔ گال ٹیسٹ میں سری لنکا کو 4وکٹوں سے شکست دیدی۔ سری لنکا کی جانب سے گال ٹیسٹ میں پاکستان کو جیت کیلئے 131 رنز کا ہدف دیا گیا جو قومی ٹیم نے 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، امام الحق نے ناقابل شکست 50رنز بنائے، سعود شکیل 30، بابر اعظم 24، عبداللہ شفیق 8 اور شان مسعود 7 رنز بنا کر آوٹ ہوئے، سرفراز احمد بھی ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے، آغا سلمان 6رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے۔ گال ٹیسٹ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، میزبان ٹیم پہلی اننگز میں 312 رنز بناسکی، جس کے جواب میں پاکستان ٹیم نے اپنی پہلی اننگز میں 461 رنز بنائے، سعود شکیل 206 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ سری لنکن ٹیم دوسری اننگز میں 279 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی، میزبان ٹیم نے پاکستان کو جیت کیلئے 131 رنز کا ہدف دیا۔ قومی ٹیم کو ابتدا میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور محض 38 رنز پر تین بیٹر پویلین لوٹ گئے، تاہم اس موقع پر امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست نصف سنچری سکور کی اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔شاندار ڈبل سنچری پر سعود شکیل کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔شاہین شاہ آفریدی نے میچ میں 5اور ابرار احمد نے 6کھلاڑیوں کو آوٹ کیا ۔ پاکستان کو دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 0-1کی برتری حاصل ہوگئی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا اور آخری ٹیسٹ 24 جولائی سے شروع ہوگا۔
ٹیسٹ میچ