• news

آئندہ وزیراعظم نواز شریف ہونگے،ان کے نام پر کاٹا کبھی نہیں لگا: خواجہ آصف 


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ ) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے الیکشن کے بعد میری رائے میں آئندہ وزیراعظم نواز شریف ہوں گے۔ نواز شریف کے نام پر کاٹا کبھی نہیں لگا، قمر جاوید باجوہ کے آرمی چیف بننے کے بعد بھی نواز شریف کے نام پر کاٹا نہیں تھا۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا بہت سے لوگ جو ن لیگ کے نہیں، کہتے ہیں نواز شریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی۔ ہماری خواہش ہے میاں صاحب کےساتھ ہونے والی زیادتی کا ازالہ ہو۔ میرا نہیں خیال موجودہ عدلیہ سے اس کی توقع کی جاسکتی ہے۔ ہم نے بھی جیلیں کاٹی ہیں لیکن ان کی طرح کسی نے نہیں کیا، رانا ثنا اور احد چیمہ بھی جیل گئے لیکن ثابت قدم رہے، احد چیمہ کو وعدہ معاف گواہ بننے کا کہا لیکن وہ نہیں بنے۔وزیر دفاع نے کہا نواز شریف کو باہر بھیجنے کیلئے معاملے کو مینج نہیں کیا گیا تھا، نواز شریف کی صحت اس وقت واقعی بہت خراب تھی، انہیں اس وقت کی اسٹیبلشمنٹ نے ملک سے باہر بھیجا تھا، چیئرمین پی ٹی آئی نواز شریف کو باہر بھیجنے کا فیصلہ نہیں کرسکتے تھے۔ ماضی میں نواز شریف کی اداروں کے ساتھ نہیں افراد کے ساتھ چپقلش رہی۔ پی ٹی آی سے لوگ ان کی اپنی پالیسیوں کی وجہ سے ٹوٹے ہیں، ایسے بے شمار لوگ ہیں جوآج بھی پی ٹی آئی کےساتھ ہیں ان کا ٹکٹ لیں گے۔ نواز شریف کو ہٹانے اور دوسرے شخص کو لانے میں ملک کا بہت نقصان ہوا۔
خواجہ آصف

ای پیپر-دی نیشن