• news

سویڈن میں پھر قرآن پاک کی بے حرمتی ، بغداد میں مظاہرہ ، سویڈش سفارتخانہ نذر آتش 


سٹاک ہوم بغداد (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) سویڈن میں رہائش پزیر عراقی ملعون شہری سلوان مومیکا کی جانب سے ایک بار پھر قرآن پاک کی بے حرمتی کی گئی اور عراقی پرچم کی بھی تذلیل کی گئی۔دوسری طرف سویڈن میں حکومت کی جانب سے ایک بار پھر قرآن پاک کی بے حرمتی کی اجازت دیئے جانے پر گزشتہ صبح عراق میں مشتعل مظاہرین کی جانب سے سویڈش سفارت خانے پر دھاوا بولا گیا اور مظاہرین نے سفارت خانے کے اندر داخل ہو کر توڑ پھوڑ کرنے کے بعد عمارت کو آگ لگا دی۔سویڈش وزارت خارجہ نے کہا کہ سفارت خانے اور سفارتی عملے کی حفاظت کی مکمل ذمہ داری عراقی حکومت پر عائد ہوتی ہے۔اب اطلاعات ہیں کہ سویڈن میں عید الاضحیٰ کے روز قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے والے ملعون عراقی شہری سلوان مومیکا نے پھر پولیس کی سخت سکیورٹی میں عراقی سفارت خانے کے باہر ناصرف قرآن پاک کی بے حرمتی کی بلکہ عراقی پرچم کو بھی پاو¿ں تلے روندا۔اس حوالے سے ملعون سلوان مومیکا کا کہنا ہے اس کا آئندہ 10 روز میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور عراقی پرچم کی تذلیل کا دوبارہ ارادہ ہے۔ دوسری طرف عراقی وزیراعظم نے سویڈن سے تعلقات توڑنے اور سویڈن سفیر کو ملک چھوڑنے کا حکم دیدیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق سینکڑوں لوگوں نے عراقی مذہبی رہنما مقتدی صدر کی اپیل پر بغداد میں سویڈن کے سفارت خانے کے باہر احتجاج کیا اور مظاہرین نے احتجاج کے دوران عراقی حکومت سے سویڈن کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کرنے کا مطالبہ کیا ۔ عراق کی وزارت خارجہ نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ایک بیان میں کہا ہے کہ عراقی حکومت نے سکیورٹی فورسز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس کی فوری تحقیقات کریں، مجرموں کی شناخت کریں اور ان کا محاسبہ کریں۔ سویڈن کی وزارت خارجہ نے تصدیق کی کہ بغداد میں اس کے سفارت خانے کے تمام ملازمین محفوظ ہیں اور مظاہرین کی آمد سے ایک گھنٹہ قبل سفارت خانے کے پورے عملے کو باہر نکال لیا گیا تھا۔پاکستان نے سویڈن میں ہونے والے قران پاک کی بے حرمتی کے تازہ واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مذہبی منافرت پر مبنی کارروائیاں ناجائز ہیں۔ اسلاموفوبیا واقعات نے 2 ارب سے زائد مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے۔ عالمی برادری اسلامو فوبیا کارروائیوں کی مذمت کرے۔ پاکستانی دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ تمام ممالک مذہبی منافرت پھیلانے والوں کو الگ تھلگ کرنے کا آغاز کریں۔ توقع ہے سویڈش حکام اشتعال انگیزی کی کارروائیوں کو روکنے کے اقدامات کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن