• news

یوکرائن کیساتھ دفاعی معاہدہ نہ اسلحہ فراہم کر رہے ہیں ، بلاول 

اسلا م آبا د (خصوصی نامہ نگار،نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان اور یوکرین کے درمیان کوئی دفاعی معاہدہ نہیں ہے۔اور نہ ہی یوکرین کو کسی طرح بھی اسلحہ فراہم کر رہے ہیں۔ پاکستان خطے میں امن کو فروغ دینے کا خواہاں ہے اور روس، یوکرین کا تنازع مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے جبکہ روس اور یوکرین میں جنگ کی وجہ سے سپلائی چین میں درپیش رکاوٹوں کے اثرات پاکستان پر بھی مرتکب ہوئے ہیں، یوکرین گندم معاہدے کو بحال کرانے کی کوشش کے لیے اقوام متحدہ اور ترکیہ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم اپنے تعلقات کو بڑھانے کے لیے اپنی بات چیت جاری رکھیں گے، ہم نے یوکرین کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے، میں نے یوکرین کی موجودہ صورتحال پر وزیر خارجہ سے بات کی، مجھے یوکرین کی موجودہ صورتحال پر گہری تشویش ہے اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔یوکرینی وزیرخارجہ ڈمیٹروکلیبا نے کہا کہ پاکستان اور یوکرین کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، تجارت اور تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔ سلامتی اور خودمختاری کی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں یوکرینی اشیا کی رسائی کوآسان بنایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن