دنیا میں ویلفیئر سٹیٹ کا عملی تصور حضرت عمر فاروق ؓنے پیش کیا:طاہر رضا بخاری
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر المومنین حضرت سیّدنا عمر فاروقؓ کی یوم شہادت یکم محرم الحرام کی مناسبت سے کمیٹی روم ایوان اوقاف لاہو ر میں ” حضرت سیّدنا عمر فاروقؓ “ سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری اور ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف آصف علی فرخ نے کہا کہ دنیا کے سامنے ویلفیئر سٹیٹ کا عملی تصور، سب سے پہلے حضرت عمر فاروقؓنے پیش کیا۔ آپؓ سول ایڈ منسٹریشن کے بانی، اور فلاحی مملکت کے امین تھے۔ آپؓ علم الانساب، سفارت کاری، سپاہ گری، عسکری امور اور فنِ خطابت میں مہارت رکھتے تھے۔ کانفرنس جس میں ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احمد فنان، ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اوقاف آصف اعجاز، صوبائی خطباءاوقاف مولانا فتح محمد راشدی، مولانامختار ندیم سمیت تمام مکاتب فکر کے علماءکرام ومشائخ عظام نے شرکت کی۔ دریں اثناءدربار حضرت داتا گنج بخشؒ کے980 ویں سالانہ غسل کی تقریب کے انتظامات کے جائزہ کیلئے ہجویری ہال داتا دربار میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری نے کہا کہ داتا دربار غسل کی تقریب 9 محرم کو ہوگی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مہمانِ خصوصی، جبکہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بطور خاص شریک ہوں گے۔50من عرق گلاب سے مزار شریف کو غسل دیا جائے گا۔ داتا دربار غسل کی تقریب خطے کی دینی اور روحانی حلقوں میں معتبر مقام کی حامل ہے، جس میں مشائخ و سادات اور اکابر علمی و دینی شخصیات کے علاوہ عمائدین حکومت بھی شریک ہوتے ہیں۔