پنجاب پولیس کی ورکنگ سافٹ وئیرز، ایپلی کیشنز ‘دیگر پروگرامز کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی پر استوار
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا ہے کہ پنجاب پولیس کی ورکنگ کو سافٹ وئیرز، ایپلی کیشنز اور دیگر پروگرامز کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی پر استوار کردیا گیا ہے اور صوبہ بھر میں پولیس خدمت مراکز سے شہریوں کو تیز رفتار اور باآسانی خدمات کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ انسداد جرائم کیلئے آپریشنز کے ساتھ ساتھ انویسٹی گیشن کو یکساں توجہ اور اضافی وسائل کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے اورپولیس فورس کا مورال بلند کرنے کیلئے میرٹ اور سنیارٹی کے مطابق ہزاروں افسران واہلکاروں کو ترقیاں دی ہیں۔ فورس کی ہیلتھ سکریننگ مکمل، ویکسی نیشن جاری، خطرناک آپریشن کامیابی سے مکمل کرنے پر بہادری میڈلز کا آغاز کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس کے مطالعاتی دورے پر آئے 37 ویں مڈ کیرئیر مینجمنٹ کورس میں شامل زیر تربیت افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد کے شرکاءکو سنٹرل پولیس آفس میں شہداءو غازی وال، میوزیم اور دیگر حصوں کا دورہ بھی کروایا گیا۔