منہاج القرآن علما کونسل کے زیر اہتمام سیدنا فاروق اعظمؓ کانفرنس
لاہور (خصوصی نامہ نگار) منہاج القرآن علما کونسل کے زیر اہتمام مرکزی سیکرٹریٹ میں مراد رسول،خلیفہ دوم،امیر المومنین سیدنا فاروق اعظمؓ کے یوم شہادت کے موقع پر”سیدنا فاروق اعظم کانفرنس“ کا انعقاد کیا گیا۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہاکہ خلیفہ دوم حضرت سیدنا عمر فاروقؓ جلیل القدر صحابی رسول اور عظیم منتظم تھے۔سیدنا فاروق اعظم کا دور خلافت اسلام کے زریں اصولوں پر قائم تھا۔کانفرنس میں منہاج القرآن علما کونسل کے مرکزی،صوبائی و ضلعی رہنماو¿ں نے شرکت کی۔ سیدنا فاروق اعظمؓ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ناظم اعلیٰ نظام المدارس پاکستان علامہ ڈاکٹر میر آصف اکبر قادری نے کہاکہ حضرت سیدنا عمر فاروقؓ تاریخ اسلام کی ایک ایسی عظیم شخصیت ہیں جن کا دور خلافت قیامت تک کیلئے آنے والے حکمرانوں کیلئے مشعل راہ ہے۔ بین المذاہب رواداری کے حوالے سے جو اخلاقی بنیادیں حضرت عمر فاروقؓ کے عہد میں قائم کی گئیں وہ آج بھی بین المذاہب رواداری کا ایک رہنما اصول ہیں۔ حضرت عمر فاروقؓ کے دور خلافت میں جب بھی کوئی ملک فتح ہوتاتو اس ملک اور علاقے کی زبان و ثقافت کو تحفظ دیا جاتا۔ آپؓ نے اپنی سیاسی بصیرت سے اسلامی سلطنت کو وسعت دے کر ساڑھے 22لاکھ مربع میل تک پھیلایا۔کانفرنس میں علامہ سید علی عابد مشہدی،علامہ حافظ خلیل احمد قادری،علامہ حافظ محمد طاہر ضیاء،علامہ محمد رفیق رندھاوا،علامہ اکرم طیب،علامہ عثمان سیالوی سمیت دیگر رہنماو¿ں نے شرکت کی۔