خیبر خودکش دھماکہ میں استعمال گاڑی چوری کی نکلی‘ 3 اہلکاروں کی نماز جنازہ
پشاور (این این آئی‘ نیٹ نیوز) خیبر پی کے تحصیل کمپاﺅنڈ دھماکے میں شہید 3 پولیس اہلکاروں کی نمازجنازہ ادا کر دی گئی۔ نمازجنازہ میں آئی جی پولیس‘ سی سی پی او پشاور‘ ڈپٹی کمشنر اور دیگرافراد نے شرکت کی۔ پولیس کے مطابق باڑہ حملہ آور کے زیراستعمال گاڑی 12 جولائی کو سٹی شاپنگ سنٹر راولپنڈی سے چوری ہوئی تھی۔ گاڑی کی چوری کی ایف آئی آر نیو ٹاﺅن راولپنڈی کے تھانے میں درج ہوئی تھی۔ پشاور حیات آباد میں ایف سی کی گاڑی پر خودکش دھماکے کی تحقیقات میں تفصیلات سامنے آگئیں جبکہ سہولت کاری کے شبہ میں 3 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق خودکش حملہ آور پجگی کے علاقے سے گاڑی میں سوار ہوا اور مختلف علاقوں سے ہوتا ہوا حیات آباد پہنچا جس کا ٹارگٹ سکیورٹی فورسز کی گاڑی تھی۔ سی ٹی ڈی اے نے خودکش حملہ آور کا موبائل فون اور سم برآمد کر لی ہے۔ خودکش حملہ آور کے زیراستعمال موبائل سم کسی اور کے نام پر تھی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سم کے مالک کو حراست میں لے لیا ہے۔ سم کے مالک نے پولیس کو بیان دیا کہ مجھ سے موبائل سم گم ہو گئی تھی۔ خودکش حملہ آ ور نے ملک کے متخلف حصوں سے آنے والی کالز پر بات کی۔ خودکش حملہ آور سے متعلق تمام تفصیلات پولیس نے نادرا سے حاصل کر لی ہیں۔
خیبردھماکہ