• news

سب سے بری تجاوزات پارکنگ لاٹس، غیرقانونی فوری ختم کی جائیں: ہائیکورٹ

لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس شاہد کریم نے ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کیس کی سماعت کرتے ہوئے شہر میں غیر قانونی پارکنگ فوری ختم کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا سب سے بڑی تجاوزات پارکنگ لاٹس ہیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ جن ریسٹورنٹس کی پارکنگ نہیں ہے اس کو سربمہر کردیا جائے۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مختلف محکموں سے عملدرآمد رپورٹیں طلب کرلیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ٹریفک قوانین کی بہت زیادہ خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، ایل ڈی اے رولز بنائے عدالت ان پر حکم جاری کرے گی، مین سٹرک کی سروس لائن پر پارکنگ ختم کی جائے، غیر قانونی پارکنگ سے ٹریفک جام ہوتی ہے جو آلودگی کا باعث بنتی ہے، دفاتر اور ریسٹورنٹس کے باہر سڑک پر گاڑیاں کھڑی کی جاتی ہیں، جو گاڑی غیر قانونی طور پر پارک ہو اس کو ضبط کرلیا جائے،  پرانے درختوں کو محفوظ کیا جائے اور انکو گرنے سے بچایا جائے، ممبر واٹر کمیشن نے عدالت کو بتایا کہ فوڈ سکیورٹی کے معاملے پر سرکاری حکام غیر سنجیدہ ہیں، فصلوں پر ٹیکسز لگانے کی تجویز پیش ہوئی، لگتا ہے ان کو صرف پیسہ اکٹھا کرنے کی پڑی ہوئی ہے، کسان پہلے ہی بجلی پر بھاری ٹیکسز ادا کررہا ہے، کسان بیچارے کو بجلی، کھادیں، بیج سمیت دیگر چیزیں بہت مہنگی پڑ رہی ہیں، یہی حالات رہے تو مستقبل میں ہمیں فوڈ سکیورٹی کے سنگین خطرات ہوسکتے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ لگتا ہے اب فصلیں کوئی اور آکر اگائے گا، گرین ایریا ختم ہونے سے آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن