کراچی: عدالت پیشی کے دوران فرار ہونے والا بندر 2 دن بعد پکڑا گیا
کراچی (سٹاف رپورٹر) محکمہ جنگلی حیات کی جانب سے کی جانے والی کوششیں دوسرے روز کامیاب ہو گئیں۔ دو روز قبل سٹی کورٹ کراچی میں ملزمان کے ہمراہ لائے گئے 14 بندر کے بچوں میں سے ایک بچہ بھاگ کر درخت پر چڑھ گیا تھا جسے جمعہ کو محکمہ جنگلی حیات کی ٹیم نے سٹی کورٹ میں ایک درخت سے دوسرے درخت پر کودتے بندر کے بچے کو قابو کر لیا۔ واضح رہے کہ ایم نائن موٹروے کراچی ٹول پلازہ پر دوران چیکنگ چار سدہ سے آنے والی مسافر بس سے 14 نوزائیدہ بندر برآمد ہوئے تھے۔ ملزمان کے خلاف صوبہ سندھ کے تحفظ جنگلی حیات قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی اورکریمنل کیس درج کرکے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنس جج کراچی سائوتھ کے روبرو پیش کیا گیا۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی بندروں کو خیبر پختونخوا بھیجنے کی درخواست مستردکردی اور کہا کہ بندر کے بچوں کو بہتر ماحول فراہم کرنے کیلئے چڑیا گھر انتظامیہ کے حوالے کیا جائے۔