شفاف انتخابات کیلئے الیکشن کمشن سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ 12اگست کے بعد قائم ہونے والی نگران حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ غیرجانبدار رہے اور انتخابات کے انعقاد کے لیے الیکشن کمشن سے مکمل تعاون کرے۔ الیکشن کمشن انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے تمام سیاسی سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے، الیکشن کے بعد مضبوط حکومت کا قیام ملک کی ضرورت ہے، قوم دہائیوں سے کرپشن، مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کے اندھیروں میں رہ رہی ہے، فرسودہ نظام اور سودی معیشت سے جان چھڑانے کے لیے آزمائے ہوئے مْہروں کو خیرباد کہنا ہو گا۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی مسلط رہیں تو خوشحالی اور ترقی نہیں آئے گی، بہتری کا واحد آپشن جماعت اسلامی ہے۔ وہ ملتان میں حرمت سود سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی راؤ ظفر اور امیر جماعت اسلامی ملتان صفدر ہاشمی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی پوری قوم کی بہتری جب کہ حکمران جماعتوں کے سربراہان کو صرف اپنی اولادوں کی فکر ہے، کوئی اپنے بیٹے تو کوئی بیٹی وزیراعظم دیکھنا چاہتا ہے، حقیقی جمہوریت جمہوری جماعت ہی لا سکتی ہے۔ 75برسوں سے سٹیٹس کو قائم ہے، سود کی وجہ سے اسلام آباد میں نوجوان نے خودکشی کر لی، حکمران اس کی موت کے ذمہ دار ہیں، ان کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج ہونا چاہئے۔ قومی سے اپیل ہے کہ وہ اسلامی نظام معیشت کے نفاذ کیلئے جماعت اسلامی کو اقتدار میں لائے۔ قومی ادارے فروخت کئے جا رہے ہیں، ریلوے، پی آئی اے، سٹیل ملز اربوں کے خسارے میں ہیں، ائیرپورٹس کے سودے ہو رہے ہیں۔ یہ سلسلہ جاری رہا تو ایک دن ایٹمی ہتھیار فروخت کرنے کا بھی پریشر آ جائے گا۔