• news

پاکستان سنی تحریک نے ماہِ محرم الحرام کوملک گیر ”ماہِ امن“ کے طورپر منانے کا اعلان 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان سنی تحریک نے ماہِ محرم الحرام کوملک گیر ”ماہِ امن“ کے طورپر منانے کا اعلان کردیا۔سیدناحضرت امام حسینؓ کے یوم شہادت کو ”یوم پیغام حسین“ کے طورپر منایاجائے گا۔سیدناحضرت عمرفاروقؓ اورسیدنا،حضرت امام حسینؓکو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ملک بھر کے تمام بڑے چھوٹے شہروں میں سیمینارز اورکانفرنسیں منعقدکی گئیں۔ مرکزی رہنما پاکستان سنی تحریک محمدشاداب رضانقشبندی نے کہاکہ امن دشمن قوتوں کو شکست دینے کیلئے ملک میں مکمل مذہبی ہم آہنگی پیدا کرنا ہو گی۔ملک سے فرقہ وارانہ کشیدگی کے خاتمے کیلئے ”پیغام امن“ کانفرنسیں اورسمینار منعقدکریں گے۔ علماءو مشائخ محرم کے دوران قیامِ امن کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ منبر و محراب سے قوم کو امن و یکجہتی کا پیغام دیا جائے۔ملک بھر کے تمام مذہبی رہنما مسلکی اختلافات کو تصادم میں بدلنے کی عالمی سازشوں کو ناکام بنائیں۔ جنرل سیکرٹری پاکستان سنی تحریک وسطی پنجاب سردار محمد طاہر ڈوگر نے کہا کہ سیدنا امام حسینؓ باطل کے سامنے ڈٹ گئے سرکٹا دیا مگر باطل کے سامنے جھکے نہیں،آپؓ نے کربلا کے میدان میں جام شہادت نوش فرماکر واضع پیغام دے دیا دین اسلام میں بگاڑ پیدا کرنیوالے ظالم وجابر کے سامنے ڈٹ جانا ہی حسینیت ہے،حکومت محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے،پاکستان سنی تحریک کے کارکنان ملک میں قیام امن کیلئے حکومت اورانتظامیہ کا مکمل ساتھ دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن