آئی جی نے شہریوںکی درخواستیں نمٹانے کیلئے پولیس افسروں کو ڈیڈ لائن دےدی
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے 1787 کمپلینٹ سنٹر اور کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم پر موصول شہریوں کی درخواستوں پر فوری ایکشن کا حکم لیتے ہوئے پولیس افسروں کو ڈیڈ لائن دےدی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ شہریوں کی جانب سے بھجوائی گئی درخواستوں کے فی الفور ازالے کیلئے فوری ایکشن لینا سپروائزری افسران کی ذمہ داری ہے جس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں۔ صوبے کے تمام آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز اور ایس ڈی پی اوز کے نام خصوصی ویڈیو پیغام میں آئی جی پنجاب نے کہاکہ 1787 کمپلینٹ سنٹر،سی ایم ایس پر موصولہ شکایات کے ازالے کا خود جائزہ لے رہا ہوں، بعض افسران کی جانب سے شکایات کے بروقت ازالے اور ایکشن میں تساہل باعث شرم ہے، شہریوں کی درخواستوں کے ازالے میں دلچسپی نہ لینے والے ایس ڈی پی اوز خود کو محکمانہ کاروائی کیلئے تیار رکھیں،1787 سنٹر پر موصولہ شکایات پر ایکشن نہ لینے والے افسران کی اے سی آرز میں اس کے اثرات واضح آئیں گے، عوام کی شکایات پر جواب دینا، کال بیک کرنا، ایکشن لے کر مسئلہ کو حل کرنا متعلقہ سپروائزری افسر پر لازم ہے۔ آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز عوامی شکایات کے ازالے میں ماتحت ڈی ایس پیز کی کارکردگی کو لازمی مانیٹر کریں، تمام ریجنل و ڈسٹرکٹ پولیس افسران 1787 کمپلینٹ سنٹر اور دیگر جدید ایپلی کیشنز سے شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کا جائزہ لیں،آر پی اوز، سی پی اوز اور ڈی پی اوز سے بھی اس حوالے سے باز پرس کی جائےگی۔ تمام اے ایس پیز، ڈی ایس پیز، سینئر افسران 1787 کمپلینٹ سنٹر کو باقاعدگی کےساتھ چیک کرنا شروع کریں، آئندہ 15 روز تک ایکشن میں تاخیر یا شہریوں کو کال بیک نہ کرنے کی رپورٹ ملنے پر متعلقہ سپروائزری افسر جواب دہ ہوگا۔