پنجاب : سرکاری ملازمین کی تنخواہوں ، پنشن میں وفاق کے برابر اضافہ
لاہور فیروز والہ (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عامر میر نے ڈی جی پی ار کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کابینہ کے21 ویں اجلاس میں پنجاب کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ جن کے مطابق سرکاری ملازمین کے دیرینہ مطالبہ کو تسلیم کرتے ہوئے کابینہ نے پنجاب کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پینشن میں وفاق کی طرز پر اضافہ کی منظوری دی ہے۔ عامر میر نے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی اور پنجاب حکومت سے درخواست کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب کابینہ نے باہمی مشاورت سے پنجاب کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں وفاق کی طرز پر گریڈ ایک سے 16 کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 35 فیصد اور گریڈ 17 سے 22 کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 فیصد اضافے کی منظوری دی ہے۔ اسی طرح پنشنز میں بھی ساڑھے 17 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔ تنخواہوں میں اس اضافے سے مجموعی طور پر حکومت پر 200 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا جس میں سے 160 ارب تنخواہوں کی مد میں اور 40 ارب پنشن میں اضافے کی مد میں ہو گا۔ صوبائی وزیر عامر میر نے کابینہ کی 21 ویں اجلاس میں ہونے والے مزید فیصلے کے حوالے سے بتایا کہ ریسکیو 1122کے لیے ایک ایئر ایمبولنس اور ریسکیو ہیلی کاپٹر خریدنے کی بھی منظوری دی گئی ہے۔ یہ بات درست ہے کہ پنجاب کے ریونیو افسروں کے لئے نئی گاڑیاں خریدی جا رہی ہیں مگر ان گاڑیوں کی خریداری کے لئے بجٹ 24-2023ءمیں رقم مختص کی گئی تھی کیونکہ ایک عرصے سے ریونیو افسروں کے لئے نئی گاڑیاں نہیں خریدی گئی تھیں جس کی وجہ سے انہیں سرکاری فرائض کی ادائیگی میں مشکلات درپیش تھیں۔ حکومت نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ 1500 پرانی گاڑیوں کو مرمت کروا کر زیر استعمال لایا جائے گا، جس سے خزانے کو اربوں روپے کی بچت ہو گی۔ نگران وزیر اعلی محسن نقوی نے بادشاہی مسجد کا دورہ کیا اور تبرکات مقدسہ سیکشن کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے تبرکات مقدسہ سیکشن کی حالت زار پر برہمی کا اظہار کیا اور سیکشن کو اپ گریڈ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی عظیم ترین ہستیوں سے منسوب تبرکات مقدسہ کو رکھنے کے انتظامات بھی انتہائی بلند معیار کے ہونے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ نے تبرکات مقدسہ سیکشن کی اپ گریڈیشن کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ کمیٹی آئندہ چند روز میں حتمی پلان پیش کرے گی۔ محسن نقوی نے بارش میں لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ قذافی سٹیڈیم، لبرٹی، مین بلیوارڈ گلبرگ، گارڈن ٹاﺅن، ماڈل ٹاﺅن، اسلام پورہ، اندرون شہر، سرکلر روڈ اور دیگر علاقوں کا معائنہ کیا اور بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال اور نکاسی آب کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے انتظامیہ اور واسا حکام کو نکاسی آب کا کام جلد مکمل کرنے کیلئے ہدایات دیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ نکاسی آب کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ڈی واٹرنگ پمپس کی تعداد میں اضافہ کیا جائے۔ شہریوں کی مشکلات کے ازالے کیلئے افسر خود فیلڈ میں رہیں۔ وزیراعلیٰ نے چیف ٹریفک افسرکو بھی فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلی محسن نقوی نے اسلام پورہ، اندرون شہر، سرکلر روڈ اور دیگر علاقوں میں نکاسی آب کے کام کا جائزہ لیا۔ اسلام پورہ میں واسا کے عملے سے مصافحہ کیا اور نکاسی آب کا کام مکمل کرنے پر شاباش دی۔ محسن نقوی نے کہا کہ کمشنر لاہورڈویژن، ڈپٹی کمشنر لاہور اور ایم ڈی واسا نے نکاسی آب کے لیے بہت محنت سے کام کیا۔ اسلام پورہ میں ہمیشہ پانی کھڑا رہتا ہے۔ آج 203 ملی میٹر بارش کے باوجود پانی بروقت نکالا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ نے اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ سروسز ہسپتال کے آپریشن تھیٹرز میں بجلی کے بریک ڈا¶ن کی اطلاع پر فوری ایکشن لیا ہے۔ لاہور میں بارش کے 95 فیصد پانی کو کلیئر کرنے پر واسا اور ضلعی انتظامیہ کو شاباش دیتا ہوں۔ محسن نقوی کی ہدایت پر لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بارشوں کے باعث واساز‘ ریسکیو 1122 ‘ پی ڈی ایم اے اور انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ محسن نقوی نے وزیر آباد میں جوہڑ میں گر کر 2 بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ مریدکے روڈ پر ساہو کی ملیاں کے قریب اینٹیں تیار کرنے والے بھٹہ کی بھٹی میں 12 سالہ لڑکے وحید کے گر جانے کے واقعہ کا نگران وزیراعلیٰ پنجاب سید محمد محسن نقوی نے نوٹس لے لیا۔