• news

ڈنمارک میں بھی قرآن کی بے حرمتی ، ڈینش سفیر کی تہران طلبی ، او آئی سی کی مذمت 

اسلام آبادکوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) سویڈن کے بعد یورپی ملک ڈنمارک میں بھی قرآن کریم کی بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا ہے۔ بلوچستان اسمبلی نے سویڈن میں قرآن پاک کی بیحرمتی کے واقعہ کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کر لی۔ مذمتی قراردادوں کو ایوان نے متفقہ طور پر منظور کیا۔ پارلیمانی سیکرٹری شوریٰ اور اپوزیشن لیڈر ملک سکندر نے پیش کی جس میں کہا گیا ہے کہ ایوان قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کی جسارت کی مذمت کرتا ہے۔ اس فعل کی وجہ سے تمام عالم اسلام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ قرآن پاک نے پوری دنیا کو محبت و احترام کا فلسفہ سکھایا ہے۔ مسلمان تمام عقائد اور مقدس کتابوں کے احترام پر یقین رکھتے ہیں۔ وفاقی حکومت سویڈن حکومت سے رابطہ کر کے ملوث شخص کو قرار واقعی سزا دلوائے۔ ادھر امیر جمعیت علماءاسلام (ف) مولانا فضل الرحمان نے سویڈن میں قرآن کریم کی بیحرمتی کیخلاف آج احتجاج کی کال دے دی۔ مولانا نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ سویڈن میں مسلسل قرآن کی بے حرمتی کی جا رہی ہے۔ اس عمل سے امت مسلمہ کے ہر فرد کے دل کو دکھ پہنچ رہا ہے۔ یہ قرآن کریم سے امت مسلمہ کے تعلق کی فطری علامت ہے۔ امت مسلمہ تورات، انجیل سمیت تمام آسمانی کتابوں کا احترام کرتی ہے۔ مغربی دنیا تنگ نظری کا مظاہرہ کیوں کر رہی ہے۔ کراچی میں سب سے بڑا احتجاجی مظاہرہ ہو گا جس میں بذات خود شریک ہوں گا۔ سربراہ جے یو آئی (ف) نے کہا کہ پوری قوم سڑکوں پر آ کر سویڈن کے خلاف احتجاجی مظاہرے کرے۔ مغربی دنیا کو پیغام دینا ہے کہ مسلمان قرآن کی حرمت پر جان تو دے سکتا ہے مگر قرآن پاک کی توہین کی کسی کو اجازت ہرگز نہیں دے سکتا۔ مغرب کے اس رویے کیخلاف ہم اپنی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ ترک میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز ڈنمارک کے اسلام مخالف گروپ نے دارالحکومت کوپن ہیگن میں عراقی سفارتخانے کے سامنے قرآن پاک کا نسخہ نذرآتش کر کے بے حرمتی کی گئی۔ اسلام مخالف گروپ نے عراقی پرچم بھی نذرآتش کیا۔ اسلام مخالف گروپ نے واقعہ کو بغداد میں سویڈن کے سفارتخانے پر حملے کا جواب قرار دیا۔ گروپ نے توہین اسلام پر مبنی بینرز بھی اٹھا رکھے تھے اور مقامی پولیس کی جانب سے سکیورٹی بھی فراہم کی گئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ قرآن یا دوسری مذہبی کتابوں کی بےحرمتی کا مقصد اشتعال انگیزی اور تقسیم پیدا کرنا ہے۔ دوسروں کے مذہب کی توہین کرنا افسوسناک عمل ہے۔ دوسری جانب ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر مسلم دنیا میں غم و غصہ پھیل گیا۔ عراق کے دارالحکومت بغداد میں سینکڑوں افراد نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کے خلاف احتجاج کیا۔

ای پیپر-دی نیشن