صدر زیلنسکی پر تنقید کے بعد برطانیہ میں یوکرائنی سفیر برطرف
کیف (این این آئی)یوکرین کے صدر ولادی میر زیلنسکی نے جمعہ کو برطانیہ میں تعینات اپنے سفیر وادیم پرستائیکو کو برطانوی فوجی امداد سے متعلق تنازعہ میں صدر کے ردعمل پر تنقید کے بعد بر طرف کر دیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق پریستائیکو نے برطانوی وزیر دفاع بین والیس کے اس بیان پر زیلنسکی کے طنزیہ ردعمل پر تنقید کی تھی کہ یوکرین کو اپنے اتحادیوں سے ہتھیاروں کی فراہمی کے لیے مزید شکر گزار ہونا چاہیے۔زیلینسکی نے پریستائیکو کو برطرف کرنے کے حکم نامے پر دستخط کیے، جو صدارتی ویب سائٹ پر شائع ہوا۔ تاہم کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب برطانوی وزیر دفاع نے رواں ماہ نیٹو کے سربراہی اجلاس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ یوکرین کے لیے ایمیزون ڈیلیوری سروس نہیں ہے اور تجویز دی کہ یوکرین برطانوی ہتھیاروں کے لیے مزید شکر گزاری کا اظہار کر سکتا ہے۔خیال رہے کہ برطانیہ یوکرین کو ہتھیار فراہم کرنے والا بڑا ملک ہے اور فوجیوں کو تربیت بھی دیتا ہے۔زیلنسکی نے سربراہی اجلاس میں ایک پریس کانفرنس میں برطانوی وزیردفاع کی تجویز کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ یوکرین کا اظہار تشکر اور کس طرح واضح کیا جائے، اب ہم صبح اٹھ کر وزیر سے ذاتی طور پر اظہار تشکر کر سکتے ہیں۔