بھارت کشمیریوں کا قتل عام کررہا، عالمی برادری محاسبہ کرے: حریت کانفرنس
جموں‘سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ علاقے کو مقتل میں تبدیل کر رکھا ہے جہاں قابض بھارتی فورسز بغیر کسی جواب دہی کے کشمیری لوگوں کاقتل عام کررہی ہے ،عالمی برادری مقبوضہ علاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کا محاسبہ کرے اور مسئلہ کشمیرکے حل کے لئے بھارت پر دباو ڈالے۔جبکہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے قصبے راجوری میں پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ (پی ڈی ڈی)کے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین نے اپنے مطالبات کے حق میں زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔یومیہ اجرت پر کام کرنے والے پی ڈی ڈی ملازمین راجوری قصبے میں ڈسٹرکٹ پولیس لائنز کے قریب جمع ہوئے اور دھرنا دیا۔وہ اپنی زیر التواتنخواہ کی واگزاری کا مطالبہ کر رہے تھے۔دوسری جانب مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج کا ایک اہلکار پر اسرار حالات میں ہلاک ہو گیا ہے۔سرینگر کی بادامی باغ چھانی میںکیکرے وجے راما چندرا نامی فوجی اچانک بیہوش ہو کر گر پڑا ۔ اسے فوری طورپر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے مردہ قرار دیا گیا۔