ہماری حکومت میں چند سال بعد رکاوٹ ڈالی جاتی ہے، احسن اقبال
لاہور(نوائے وقت رپورٹ ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے ہماری سیاسی حکومت میں چند سال بعد رکاوٹ ڈال دی جاتی ہے، اس کا نتیجہ سب کے سامنے ہے، ادارے ترقی سے محروم ہیں، اب بحالی کی طرف چل پڑے ہیں، 10 سال موجودہ پالیسیوں کو جاری رکھیں تو ملک ترقی کر سکتا ہے۔ لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا دنیا کی ترقی کا انحصار سائنس پر ہوتا ہے، ہم دنیا کی مخالفت کے باوجود ایٹمی طاقت بن سکتے ہیں تو معاشی طاقت کیوں نہیں بن سکتے، ہم ایٹم بم بنانے میں اس لیے کامیاب ہوئے کہ ہر سطح پر مدد ملی، ہمارے لیے پالیسی میں تسلسل لازم ہے، ہمارے ایٹمی پروگرام کی کامیابی بھی تسلسل کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ احسن اقبال نے مزید کہا میرٹ پر ایٹمی پروگرام کو چلایا گیا، سفارش کلچر کو اس سے دور رکھا گیا، پاکستان میں صلاحیت موجود ہے، سمت کی طرف تسلسل سے بڑھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی پروگرام کی کامیابی کا جو فارمولہ ہے وہی فارمولہ پاکستان کی ترقی کا ہونا چاہیے، جب قوم یکسو ہوجائے گی ہم ترقی کر سکیں گے۔ وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا انجینئرز ہی صنعت و زراعت، تعلیم، صحت اور ٹیکنالوجی سمیت ہر شعبے میں بہتری لا سکتے ہیں، ملک میں تسلسل نہیں تھا، بار بار پالیسیاں تبدیل کی گئیں، چھ قدم آگے بڑھے تو آٹھ قدم پیچھے دھکیلا گیا، بنگلا دیش، ترکیہ، بھارت نے ترقی کی تو 10سال سیاسی پالیسیوں کا تسلسل رہا، بنگلا دیش میں 15سال اور ترکیہ میں 20 سال سیاسی تسلسل رہا جس سے ترقی ہوئی۔ احسن اقبال نے کہا جس حکومت نے 11000 میگا واٹ بجلی بنائی اس کے سیاستدانوں اور افسران کو پابند سلاسل کر دیا گیا، دھاندلی سے ناتجربہ کار حکومت کو بٹھا دیا گیا جس سے سب سرمایہ کار بھاگ گئے، جب ہمیں چور اور ڈاکو کہا گیا تو سرمایہ کار پاکستان سے بھاگ گئے، بحالی کی طرف چل پڑے ہیں، گراوٹ کے بجائے ملک کو بحالی کی طرف ڈال دیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا سپیشل انویسمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) کا مقصد خلیجی ممالک کے ساتھ پاکستان کا تعلق مضبوط کرنا ہے، شہباز شریف اور جنرل عاصم منیر ایس آئی ایف سی کی نگرانی کر رہے ہیں۔ انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کا شعبہ پاکستان کی طاقت ہے، نوجوانوں کو مہارت اور تعلیم دینے میں کامیاب ہوگئے تو ترقی کرجائیں گے، نوجوانوں کو ترجیحی بنیادوں پر آئی ٹی سکلز دیں گے، پچھلے وزیراعظم مرغی اور انڈوں کے خواب دکھاتے لیکن شہباز شریف نے لیپ ٹاپ دیے۔ تقریب میں انجنیئرز کی طرف سے احسن اقبال کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دیا گیا۔