پاکستان، امریکا اقتصادی اتحاد دونوں ممالک کو قریب لائے گا، کانگریس مین مائیکل میکال
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین ہاؤس فارن افیئرز کمیٹی مائیکل میکال نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی اتحاد دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لائے گا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی کانگریس کی فارن افیئرز کمیٹی کی ذمہ داریوں میں غیر ملکی امداد سے متعلق نگرانی اور قانون سازی، خارجہ پالیسی پر اثر انداز ہونے والے معاملات میں پیش رفت، تذویراتی منصوبہ بندی اور معاہدے، آرمز کنٹرول، یو ایس ایڈ، غیر ملکی امداد ایکٹ، پبلک ڈپلومیسی بشمول بین الاقوامی مواصلات، معلوماتی پالیسی، بین الاقوامی تعلیم اور ثقافتی پروگرام اور دیگر اہم امور شامل ہیں۔ کانگریس مین میکال نے کہا کہ ان کے خیال میں ہم جتنی زیادہ تجارتی اور اقتصادی سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، ہمارے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اتنے ہی قریبی ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین سیکورٹی پارٹنرشپ موجود ہے لیکن ہمیں اقتصادی اتحاد کی بھی ضرورت ہے اور یہ ہمارے دونوں ممالک کو یکجا کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آپ اپنے پڑوسیوں کا انتخاب نہیں کر سکتے لیکن آپ اپنے دوستوں کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ ہم ہمیشہ چاہتے ہیں کہ پاکستان اور امریکہ دوست رہیں۔ ایمبیسی آف پاکستان میں سفیر پاکستان مسعود خان کی جانب سے منعقدہ بی بی کیو ریسپشن اور مینگو فیسٹیول میں شرکت کے بعد میڈیا کے ایک نمائندے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کانگریس مین میکال نے کہا کہ پاکستان دنیا کے ایک مشکل حصے میں واقع ہے۔ افغانستان، مہاجرین کے مسئلے اور دہشت گردی کی عفریت کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ مضبوط اتحاد اور مضبوط شراکت داری ہمارے بہترین مفاد میں ہے۔کانگریس مین میکال نے کہا کہ پاکستانی آم بہترین ہیں اور مہمان نوازی لاجواب ہے۔ بعد ازاں سفیر مسعود خان نے چیئرمین مائیکل میکال سے سفارت خانے میں ملاقات بھی کی۔ پاکستانی سفیر مسعود خان نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ چیئرمین ہاؤس فارن افیئرز کمیٹی مائیکل میکال کا استقبال کر کے خوشی ہوئی۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ان کی مزید کامیابیوں کے لئے دعا گو ہوں۔