اناج ڈیل میں واپسی کیلئے 7شرائط: یوکرائن نے کلسٹر بم سے صحافیوں کو نشانہ بنایا: روس
ماسکو (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) روس نے یوکرائن سے اجناس ڈیل میں واپس آنے کے لیے7 شرائط رکھ دیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق روس کی جانب سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے کہا گیا کہ روسی اجناس اور کھاد پر پابندی ختم کی جائے جبکہ غذا اور کھاد کی ڈیلنگ کرنے والے تمام روسی بنکوں پر عائد رکاوٹیں ہٹائی جائیں۔ روسی مالیاتی اداروں کو عالمی بنکاری نظام سوئفٹ سے جوڑا جائے جبکہ زرعی مشینری کے پروزں کی روس کو درآمد بحال کی جائے۔ روس کے غذائی اجناس سے لدے جہازوں کو انشورنس اور لاجسٹک کی سہولت دی جائے۔ علاوہ ازیں زرعی صنعت کے منجمد اثاثے بحال کیے جائیں اور اجناس ڈیل کو امیر ممالک نہیں بلکہ انسانی بنیادوں پر صرف ضرورت مند ممالک کے لیے ہی استعمال کیا جائے۔ روس نے یوکرائن پر کلسٹر بموں سے روسی صحافیوں کو نشانہ بنانے کا الزام لگا دیا۔ روسی وزارت دفاع کے مطابق یوکرائن نے روسی صحافیوں کو کلسٹر ہتھیاروں سے نشانہ بنایا۔ شیلنگ سے ایک روسی صحافی ہلاک اور تین زخمی ہو گئے۔