چینی ہیکرز نے امریکی سفیر کی ای میل آئی ڈی ہیک کر لی
واشنگٹن(این این آئی )امریکی اخبار نے کہا ہے کہ بیجنگ سے منسلک ہیکرز نے جاسوسی کی کارروائی میں چین میں امریکی سفیر نکولس برنز کے ای میل اکائونٹ کو ہیک کیا ہے۔ اس کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ اس ای میل میں کم از کم سیکڑوں ہزاروں امریکی حکومت کی ای میلز شامل ہوں۔اخبار نے اپنی رپورٹ میں باخبر ذرائع کے حوالے سے کہا ہے کہ اسسٹنٹ سیکرٹری آف سٹیٹ برائے مشرقی ایشیائی امور ڈینیل کریٹن برنک کا اکانٹ بھی جاسوسی کی وسیع کارروائی میں ہیک کر لیا گیا تھا جس کا اعلان مائیکرو سافٹ نے رواں ماہ کے آغاز میں کیا تھا۔جب سفارت کاروں کے اکائونٹس ہیک ہونے کے بارے میں پوچھا گیا تو وزارت خارجہ نے کوئی تفصیلات بتانے سے انکار کیا اور کہا کہ وہ جاسوسی کی کارروائی کی تحقیقات کر رہی ہے۔