• news

مسئلہ کشمیر حل تک بھارت کے قریب آنا ناممکن: احسان مزاری‘ انڈیا جانا چاہئے: عطاء تارڑ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) وزیراعظم کے معاون خصوصی عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ ایشیا کپ کیلئے بھارت آئے نہ آئے ان کی اپنی مرضی ہے، پاکستان کو سو فیصد ورلڈکپ کھیلنے بھارت جانا چاہیے۔ اگر دشمن کو مات دینی ہے تو اس کے ہوم گراؤنڈ پر مات دیں۔ پاکستان کی کرکٹ ٹیم بھارت سے بہتر ٹیم ہے۔ بابر اعظم اور ویرات کوہلی کا موازنہ ہوتا تو لوگ کہتے ہیں کہ بابر بہتر کھلاڑی ہے۔ بھارت کے پاس شاہین آفریدی جیسا کوئی فاسٹ بائولر نہیں،کرکٹ کو سیاست سے دور رکھیں۔ پاکستان کو آئی سی سی کے فورم پر بھارت پر پریشر رکھنا چاہیے۔ کھیل کا میدان کھیل کا میدان رہنا چاہیے، جنگ کا میدان نہیں بننا چاہیے۔ وفاقی وزیر احسان مزاری  نے کہا کہ پاکستان کو بھارت نہیں جانا چاہیے لیکن یہ ان کا اپنا خیال ہے۔ بھارت اور پاکستان کے فاسٹ بائولرز کا کوئی مقابلہ نہیں رہا۔ ماضی میں نیوٹرل وینیو پر جب بھی مقابلہ ہوا تو پاکستان نے بھارت کو شکست دی۔ میرا تو خواب ہے کہ پاکستان بھارت کی سرزمین پر ورلڈکپ لفٹ کرے۔ کسی اور ملک کی نسبت پاکستان کی بھارت میں ورلڈکپ جیتنے کی اہمیت الگ ہوتی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ورلڈکپ میں شرکت کے حوالے سے تاحال بات نہیں ہوئی۔ وزیراعظم کھیلوں کا فروغ چاہتے ہیں، جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا، کرکٹ ڈپلومیسی کے ذریعے پاکستان بھارت کا قریب آنا نظر نہیں آتا۔ خیال رہے کہ کرکٹ ورلڈ کپ 2023ء  رواں برس اکتوبر میں بھارت میں شیڈول ہے اور روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا مقابلہ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں ہو گا۔

ای پیپر-دی نیشن