• news

بھارتی ریاست اترپردیش میں ہندو انتہا پسندوں کا امام مسجد پر تشدد

لکھنو(این این آئی)بھارتی ریاست اترپردیش میں ہندو انتہا پسندوں نے ایک امام مسجد کو شدید مارپیٹ کا نشانہ بنایا او ر انہیں جئے شری رام کا نعرہ لگانے پر مجبور کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ اترپردیش کے علاقے باغپت میں پیش آیا ہے۔ امام مسجد مجیب الرحمان نے کہا کہ ان کے ساتھ یہ واقعہ منگل کے روز پیش آیا ہے۔انہوںنے اس حوالے سے تھانے میں جو شکایت درج کرائی ہے اس میں انہوںنے کہا کہ منگل کے روز شام کے وقت جب وہ نماز مغرب اداکرنے کے بعد مسجد سے لوٹ رہے تھے تو تین نوجوانوں نے انہیں روک لیااور انکے گلے میں بھگوا رومال ڈال دیااور مار پیٹ کرنے لگے۔مجیب الرحمان نے کہا کہ ملزموں نے انہیں جئے شری رام اور بھارت زندہ باد کا نعرہ لگانے کیلئے کہا اور جب میں نے جئے شری رام کہنے سے انکار کیا تو انہوںنے مجھے پیٹنا شرو ع کر دیا۔ پولیس نے امام مسجد کی شکایت پر دو نوجوان گرفتار کرلیے ہیں۔مجیب الرحمان نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ پولیس پہلے شکایت درج نہیں کر رہی تھی اور ٹال مٹول سے کام لیتی رہی تاہم جب اگلے روز میں نے ایس پی کو اس بارے میں بتایا تو شکایت درج کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن