نیتن یاہو سے ملاقات تعلقات میں بہتری کی راہ ہموار کرے گی: اردگان
انقرہ(این این آئی )ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوآن نے کہاہے کہ وہ آنے والے عرصے کے دوران لیبیا اور شمالی افریقہ کے دیگر ممالک کا دورہ کر سکتے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق انہوں نے امید ظاہر کی وہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے جو پہلی ملاقات کریں گے وہ تعلقات میں بہت بہتر مرحلے کا آغاز ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ مصر کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینے سے ترکیہ کی اقتصادی صلاحیت میں بہت اضافہ ہوگا۔بحیرہ اسود کے پار اناج کی برآمد کے معاہدے جس سے روس دستبردار ہو گیا کے بارے میں ایردوآن نے کہا کہ ان کا ملک اس معاہدے کو دوبارہ شروع کرنے کے لیے تمام سفارتی ذرائع استعمال کرے گا۔ترک صدر نے مزید کہا کہ وہ روسی صدر ولادی میر پوتین کے ساتھ معاہدے پر بات چیت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم اناج کے معاہدے کے تسلسل کو یقینی بنائیں گے۔اقوام متحدہ کے مطابق جولائی 2022 میں روس، ترکیہ اور یوکرین کی جانب سے اقوام متحدہ کی ثالثی سے دستخط کیے گئے اقدام نے لاکھوں ٹن اناج اور کھانے پینے کی اشیا کی برآمد کی اجازت دی۔دوسری جانب ترک صدر نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ وہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے جو پہلی ملاقات کریں گے وہ ترک اسرائیل تعلقات میں بہت بہتر مرحلے کا آغاز ہو گا۔