ٹیریسا چینگ کی سارہ احمد سے ملاقات ،چائلڈ ٹریفکنگ ، جبری مشقت کے خاتمے پر اتفاق
لاہور (لیڈی رپورٹر) امریکی سفارت خانے اسلام آباد کی پولیٹیکل سیکرٹری ٹیریسا چینگ نے گزشتہ روز چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران چائلڈ ٹریفکنگ اور جبری مشقت کے خاتمے کیلئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔ چیئرپرسن سارہ احمد نے یو ایس ایمبیسی اسلام آباد کی پولیٹیکل سیکرٹری ٹیریسا چینگ کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے بچوں کے تحفظ اور فلاح وبہبود کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔ سارہ احمد نے امریکی حکومت کے مختلف سیکٹرز میں پاکستان سے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ پولیٹیکل سیکرٹری ٹیریسا چینگ نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مختلف سیکشنز کا بھی دورہ کیا۔وہ بچوں کے ہاسٹل گئیں اور وہاں موجود بچوں سے ملاقات کی اور ان کے ساتھ وقت گزارا۔ ٹیریسا چینگ نے بیورو میں بچوں کی ٹریننگ کیلئے قائم بیک شاپ کا بھی دوری کیا۔ پولیٹیکل سیکرٹری ٹیریسا چینگ نے چیئرپرسن سارہ احمد کی خدمات اور بچوں کے تحفظ کیلئے کئے گئے اقدامات کوسراہا۔ ٹیریسا چینگ نے چائلڈ پروٹیکشن بیورو کی بچوں کیلئے خدمات کی تعریف کی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔