• news

ایمر جنگ ایشیا کرکٹ کپ، پاکستان، بھارت فائنل میں آج مدمقابل

لاہور(سپورٹس رپورٹر)اے سی سی مینز ایمرجنگ ایشیاکپ کے فائنل میں پاکستان آج بھارت کے مدمقابل آئے گا، میچ پاکستان وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔ایونٹ میں بھارتی ٹیم کو اب تک کوئی شکست نہیں ہوئی جبکہ قومی ٹیم کو گروپ میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست کی ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا تھا۔گزشتہ روز قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے پاکستان شاہیزکے سکواڈ سے ملاقات کی اور کھلاڑیوں کو بھارت کے خلاف فائنل میں ڈٹ کرکھیلنے کے مشورے دیئے ۔ انہوںنے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھایا اور فائنل میں جیت کے عزم کے ساتھ میدان میں اترنے کا مشورہ دیا ۔ کھلاڑیوں کو بیٹنگ کیساتھ ساتھ بائولنگ اور فیلڈنگ میں بھی جم کر کھیلنے کا مشورہ دیا ۔ قومی ٹیم کے کپتان نے شاہینز کے کپتان محمد حارث کو کپتانی کے گر بھی بتائے اور کھیل کی مناسبت سے فیلڈنگ میں رد وبدل اور اچھا کھیل پیش کرنے کا مشورہ دیا ۔ تمام کھلاڑی اس دورا ن بھارت کے خلاف فائنل میں اچھا کھیل پیش کرنے کیلئے پر عزم نظر آئے ۔پاکستان اے کرکٹ ٹیم کے کپتان محمد حارث نے کہا ہے کہ ایمرجنگ ایشیا کپ کے فائنل میں بھارت کو شکست دینا چاہتے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ساری ٹیمیں یہاں فتح کیلئے آئی ہیں لیکن ہماری ٹیم کی نظریں فائنل میں بھارت کو شکست دینے پر مرکوز ہیں۔ ہم ٹورنامنٹ کے دفاعی چیمئپن ہیں تاہم وہ ماضی کا حصہ ہے، ہماری توجہ 23 جولائی اتوار کو ہونے والے فائنل پر ہے جس کیلئے ہم تیار ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ کھلاڑی کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ہیں اور انشا ء اللہ فائنل میں بھارت کو شکست دیں گے ۔ ٹورنامنٹ میں کھلاڑیوںنے اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا ہے اور امید ہے کہ فائنل میں کامیابی کیلئے اچھا کھیل پیش کرینگے ۔ 

ای پیپر-دی نیشن