محتسب پنجاب کے حکم پر پی ایچ اے لاہور نے ریفنڈ پالیسی نافذ کر دی
لاہور( این این آئی)محتسب پنجاب میجر(ر)اعظم سلیمان خان کی ہدایت پر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی لاہور نے عوامی سہولت، ادارہ جاتی شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کیلئے زیر انتظام پارکس و گرائونڈز میں شادی بیاہ کی تقریبات کے انعقاد کیلئے جمع کروائی گئی رقوم کی واپسی کی پالیسی مرتب کر کے یکم جولائی سے نافذ کر دی ہے تا کہ کسی فرد یا ادارہ کو اپنی رقوم کی واپسی کیلئے مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ترجمان نے بتایا کہ محتسب پنجاب کی ہدایت پر پی ایچ اے لاہور نے عاطف ریاض نامی شہری کو جمع کروائے گئے 35 ہزار روپے واپس کرتے ہوئے مذکورہ رقم کی واپسی میں تاخیر کے مرتکب سینئر کمپیوٹر آپریٹر فیصل محمود کو پیڈا ایکٹ 2006 کے تحت معطل کرتے ہوئے اس وقت کے ڈائریکٹر(کوارڈی نیشن )محمد ندیم سے جواب طلب کر لیا ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ دفتر محتسب پنجاب کی عوامی تکالیف کے ازالے کی مختلف درخواستوں پر کارروائی کے نتیجے میں پاکپتن میں سیوریج لائن کی بحالی اور بہاولنگر میں سیم نالہ کی بھل صفائی کے علاوہ اٹک میں پل و نالہ کی تعمیر کر دی گئی ہے۔اسی طرح دفتر محتسب پنجاب کے حکم واسا(ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی)نے مختلف علاقوں میں نئی سوریج لائنیں بچھا دی ہیں جس سے مقامی آبادی کو صاف ماحول میسر آیا ہے۔اس طرح درخواست گزار افراد کی تکالیف کے ازالہ کے علاوہ انہیں 5,76,11,665 روپے کا مجموعی ریلیف ملا ہے۔