پیپلز پارٹی کی چیف جسٹس ، آرمی چیف سمیت اداروں کیسربراہان کے پروٹوکول میں کمی کی تجویز
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیئر بخاری نے چیف جسٹس سپریم کورٹ، ہائی کورٹس کے ججز، چیف آف آرمی اسٹاف اور دفاعی اداروں کے سربراہان کے پروٹوکول میں کمی کی تجویز دے دی۔سابق چیئرمین سینیٹ نے وزیراعظم پاکستان، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، گورنرز ، وفاقی اور صوبائی وزرا کو دی جانے والی بجلی اور پیٹرول کی مقدار میں بھی 50 فیصد کٹوتی کی بھی تجویز دی۔اپنے ایک جاری بیان میں پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما نیر بخاری نے کہا کہ ملک کی بڑی آبادی کو ریلیف دینے کے لیے اشرافیہ اضافی بوجھ برداشت کرکے قربانی کی مثال قائم کرے۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی عوامی مشکلات کم کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ عوامی ریلیف پر یقین رکھتی ہے، بجلی کے تین سو تک یونٹ استعمال کرنے والے متوسط اور غریب طبقے کے لیے بجلی کے نرخوں میں اضافہ نہ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں ایئر کنڈیشن کا استعمال کم سے کم کیا جائے، وزیراعظم، وزرائے اعلیٰ، گورنرز ، وفاقی اور صوبائی وزرا بجلی اور پیٹرول استعمال کرنے میں 50فی صد کمی کریں، صدر مملکت، وزیراعظم، وفاقی و صوبائی وزرا، وزرائے اعلیٰ اور گورنرز غیر ضروری پروٹوکول ختم کریں۔ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس، ہائی کورٹ کے ججز، چیف آف آرمی اسٹاف اور دفاعی اداروں کے سربراہان کے پروٹوکول کے لیے زیر استعمال گاڑیوں کی تعداد میں کمی کی جائے۔نیر بخاری نے کہا کہ حکومتی سرکاری عدالتی ریاستی ذمے داران پر اخراجات میں 50 فی صد کمی پر عمل سے خزانے پر بوجھ کم کیا جائے، اخراجات کٹوتی سے بچنے والی رقم کو پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کی مد میں استعمال کیا جائے۔