منافع خور آزاد، لاہور میں آلو30،پیاز25روپے کلو مہنگا
لاہور(کامرس رپورٹر،نوائے وقت رپورٹ) لاہور میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔آلو 30 اور پیاز 25 روپے فی کلو مہنگا ہوگیا۔حکومت کی جانب سے قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے موثر نظام نہ ہونے کی وجہ سے گزشتہ روز بھی پرچون سطح پر گراں فروشی اپنے عروج پر رہی ، دکانداروں نے سبزیاں اور پھل سرکاری نرخنامے کی بجائے من مانے نرخوں پر فروخت کئے ۔ سرکاری نرخنامے میں پیاز درجہ اول کی قیمت45 روپے مقرر کی گئی تاہم دکانداروں نے 55سے60روپے کلو فروخت جاری رکھی۔ٹماٹر درجہ اول110کی بجائے150لہسن دیسی240کی بجائے300سے320،میتھی 200کی بجائے260سے270،بینگن125کی بجائے160سے170،بند گوبھی85کی بجائے100،پھول گوبھی150کی بجائے180روپے تک فروخت ہوئی۔پھلوں میں سیب گاچہ درجہ اول200کی بجائے280سے300،انار دیسی نیا195کی بجائے300،آلو بخارا درجہ اول285کی بجائے340سے350،خوبانی سفید درجہ اول185کی بجائے280سے300، خوبانی سفید درجہ دوم120کی بجائے170سے180جبکہ کھجور ایرانی520کی بجائے580سے600روپے کلو تک فروخت ہوئی۔حکومت کے زیر انتظام بازاروں میں پھل اور سبزیاں مقررہ نرخوں پر فروخت ہوئے تاہم مختلف مقامات پر خریداروں کی جانب سے اشیاء کا معیار ناقص ہونے کی شکایات کی گئیں۔