• news

افغانستان میں موسلادھار بارشیں، سیلاب سے 22 افراد جاں بحق، 40 لاپتہ

کابل(این این آئی) افغانستان کے وسطی صوبہ میدان وردک میں موسلادھار بارش اور اس کے نتیجے میں آنے والے سیلاب نے تباہی مچادی جہاں مبینہ طورپرشادی کی ایک تقریب میں شریک22 افغان شہری سیلاب کی زدمیں آکر جاں بحق اور 40 دیگر لاپتہ ہو گئے جو ممکنہ طورپر ملبہ تلے دب گئے ہیں۔گزشتہ شب وسطی صوبہ میدان وردک کے اضلاع جلریز، چک، سید آباد، نیرخ اور جغتو میں شدید بارش کے باعث متعدد گھر منہدم ہوگئے جبکہ بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آجانے سے متعدد مکانات بہہ گئے جس کے نتیجے میں خاصا جانی و مالی نقصان ہوا۔صوبائی گورنر کے دفتر نے جاری ابتدائی بیان میں کہا کہ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کے مقامی حکام کے مطابق سب سے زیادہ نقصان ضلع جلریز میں ہوا ہے جہاں22 افراد جاں بحق اور تقریباً 40 لاپتہ ہوگئے ہیں تاہم صوبائی ترجمان فیض اللہ جلالی نے جاں بحق افراد کی تعداد15 جبکہ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے جاں بحق افراد کی تعداد 12بتائی ہے ۔خیال کیا جاتا ہے کہ لاپتہ 40 افراد منہدم مکانوں کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں جن کی تلاش کاکام ہنگامی بنیادوں پرجاری ہے۔اطلاعات کے مطابق بارش اور سیلاب کے باعث سینکڑوں گھر مکمل یا جزوی طورپر تباہ ہوچکے ہیں ۔ درجنوں کی تعدادمیں مال مویشی بھی ہلاک ہوگئے ہیں اور ہزاروں ایکڑ زرعی زمین کو بھی شدید نقصان پہنچاہے جبکہ سیلاب کے باعث کابل بامیان شاہراہ سمیت دیگر اضلاع کو ملانے والی سڑکوں پر ٹریفک معطل ہوکررہ گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن