• news

فیصل آباد میں نوجوان اغوا‘ تاوان کی کالیں‘ ہم نے گرفتار کیا: ایف آئی اے

فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) ہجویری ٹاؤن سے اغواء ہونے والے نوجوان کا مقدمہ تھانہ سرگودھا روڈ میں درج کر لیا گیا۔ مغوی کے ورثاء کو چالیس لاکھ روپے تاوان ادا کرنے کی کالیں بھی موصول ہوئی ہیں۔ تفصیل کے مطابق تھانہ سرگودھا روڈ کے علاقہ ہجویری ٹاؤن سے نامعلوم ملزم نے عامر کو زبردستی اغوا کیا اور فرار ہو گئے۔ سرگودھا روڈ پولیس کی تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ سرگودھا روڈ پولیس کے مطابق مغوی عامر کو ایف آئی اے سائبر کرائم فیصل آباد کے سب انسپکٹر دانیال کی پرائیویٹ گاڑی میں اغواء کیا گیا۔ ایف آئی اے نے عامر کو اٹھانے سے پہلے اور بعد میں تھانہ میں اندراج نہیں کیا۔ ایف آئی اے نے مغوی کے اہل خانہ کو بھی عامر کی گرفتاری سے متعلق آگاہ نہیں کیا۔ دانیال سب انسپکٹر نے عامر کو ایف آئی اے سکھر کے حوالے کر دیا۔ اغواء کے مقدمہ میں قانون کی مطابق کارروائی کر رہے ہیں، اس حوالے سے ایف آئی اے سائبر کرائم سیل فیصل آباد کے سب انسپکٹر دانیال احمد کا کہنا تھا کہ عامر کو سکھر ایف آئی اے کے مقدمہ میں نامزد ملزم ہونے پر گرفتار کیا ہے۔ سرگودھا روڈ پولیس کو گرفتاری کی اطلاع دینے میں تاخیر ہوئی، عامر کے اہل خانہ سے چالیس لاکھ روپے ڈیمانڈ سے متعلق علم نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن