بھارت کے پانی چھوڑنے ،بارشوں کے باعث سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا:عامر میر
لاہور(نیوز رپورٹر)صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے سیلابی صورتحال بارے ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں حالیہ بارشوں کے پیش نظر سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے اس لیے حکومت نے پنجاب میں ریڈ الرٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ صوبائی وزیر عامر میر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے چھوڑے گئے پانی سے دریاو¿ں کی سطح بلند ہوگئی ہے اور اس وقت شاہدرہ کے مقام سے 22 ہزار کیوسک کا ریلا گزر رہا ہے۔ دریائے راوی اور ستلج پر انڈین ڈیمز پانی سے بھر نے کے قریب ہیں اورانڈیا کسی بھی وقت سیلابی پانی ہماری طرف چھوڑ سکتا ہے۔ اس لئے حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سیلاب کا خطرہ بڑھنے پر دریاو¿ں کے ساتھ بنائی گئی آبادیوں کو فوری طور پر خالی کروایا جائے گا۔ اگر بارشیں جاری رہیں تو لاہور میں 1988کی طرح دریا کنارے آبادیوں کے ڈوبنے کا خطرہ ہے۔ وزیر اعلیٰ سید محسن نقوی نے تمام کمشنرز کو فلڈ ریلیف پلان تیار کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ ہنگامی صورتحال میں دریاوں کے قریب بنائی گئی غیر قانونی آبادیوں کو فوری طور پر خالی کرواکر نئی جگہ شفٹ کیا جائے گا۔ عوام انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں اور ہنگامی صورتحال میں متبادل جگہ پر شفٹ ہونے کیلئے تیار رہیں۔