• news

بھارتی ادویات قاتل بن گئیں‘ آئی ڈراپس سے 4 امریکی ہلاک‘ 18 بینائی کھو بیٹھے

واشنگٹن (نیٹ نیوز) کچھ عرصے پہلے بھارتی کمپنیوں کے تیار کردہ کھانسی کے سیرپ دنیا کے مختلف ممالک میں بچوں کی اموات کا باعث بنے تھے۔ اب انکشاف ہوا ہے کہ بھارتی ساختہ بیکٹیریا سے آلودہ آئی ڈراپس کے باعث امریکہ میں کم از کم 4 افراد ہلاک جبکہ 18 بینائی سے محروم ہو گئے۔ امریکی جریدے کی رپورٹ کے مطابق مئی 2022ءمیں مختلف ریاستوں میں بیکٹیریا کے پھیلاﺅ کا انکشاف ہوا تھا۔ یہ بیکٹیریا جسم کے ہر اس حصے میں پھیل سکتا ہے جو کمزور ہو چکا ہو اور اکثر کیسز میں جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔ تحقیق کے دوران مریضوں کی تمام اشیاءاور ان تمام مقامات کا جائزہ لیا گیا جہاں ان کا جانا ہوا۔ سی ڈی سی کو بیکٹیریا کے پھیلاﺅ کی وجہ جاننے میں 8 ماہ کا عرصہ لگا اور انکشاف ہوا کہ ایسا بھارتی ساختہ آئی ڈراپس کے باعث ہو رہا ہے۔ سی ڈی سی نے دریافت کیا کہ بیکٹیریا کو پھیلانے والے 2 بھارتی ساختہ آئی ڈراپس معروف برانڈز کے مقابلے میں 50 فیصد کم قیمت پر دستیاب تھے۔دوسری جانب بھارت سے درآمد کیے گئے کھانسی کے سیرپ سے 70 بچوں کی موت کے بعد گیمبیا کے صدر نے آلودہ سیرپ درآمد کنندگان سمیت بھارتی حکومت کے خلاف مقدمہ کی ہدایت کردی۔ گزشتہ نومبر میں گیمبیا میں 2 برس سے چھوٹے بچوں کی بھارت سے درآمد شدہ کھانسی کے سیرپ سے موت کے بعد ٹاسک فورس تشکیل دی گئی تھی جس نے مکمل چھان بین کے بعد رواں برس مارچ میں اپنی رپورٹ پیش کی۔

ای پیپر-دی نیشن