افسروں کیلئے نئی گاڑیوں پر بے بنیاد پراپیگنڈا کیا جارہا : محسن نقوی
ملتان‘ لاہور (نوائے وقت رپورٹ) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے محرم الحرام کے دوران سکیورٹی انتظامات کی مانیٹرنگ کیلئے قائم محکمہ داخلہ کے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے پوری طرح چوکس رہیں۔ جلوسوں اور مجالس کے اختتام پذیر ہونے تک سکیورٹی ہائی الرٹ رہے۔ قیام امن کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر توانائیاں اور صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں۔ امن و امان کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے صوبائی وزراءکو بھی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔ محسن نقوی کی زیرصدارت گزشتہ روز جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ ملتان میں اجلاس میں محرم الحرام سکیورٹی انتظامات، بارشوں سے اربن فلڈنگ اور سیلاب کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ محسن نقوی نے رودکوہی اور دریائے سندھ سے گزرنے والے سیلابی ریلے کی مانیٹرنگ کا حکم دیا اور دریاو¿ں کی گزرگاہوں میں آبادیوں کا بروقت انخلاء یقینی بنانے اور تجاوزات کو فوری طور پر ہٹا نے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے سیکرٹری مواصلات و تعمیرات کو ہدایت کی کہ فورٹ منرو میں ٹریفک بحال کرنے کے لئے این ایچ اے کے ساتھ مل کر فوری اقدامات کئے جائیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران چینی شہریوں کی غیر ضروری نقل و حرکت کو محدود کیا جائے۔ راجن پور میں رودکوہیوں کے مستقل سدباب کیلئے کچھی کینال کے ایشو پر وفاق سے بات کریں گے۔ وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ انتظامیہ اور متعلقہ ادارے سیلابی صورتحال کے پیش نظر پیشگی تیاریاں مکمل رکھیں۔ محسن نقوی نے کہا ہے کہ افسروں کے لئے نئی گاڑیوں سے متعلق بعض عناصر کی طرف سے بے بنیاد اور گمراہ کن پراپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ فیلڈ افسروں کے پاس گاڑیا ں نہیں ہوں گی تو وہ کام کیسے کریں گے۔ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ افسروں کو گاڑیاں نہ دیں اور وہ کرپشن کریں اور ناجائز ذرائع سے کمائی کرکے اپنی گاڑیاں لیں۔ افسروں کیلئے نئی گاڑیاں خریدنے پر تنقید کرنے والے عناصر حقائق کو سامنے نہیں رکھ رہے بلکہ وہ صرف تنقید برائے تنقید کر رہے ہیں۔ نئی گاڑیوں کی مخالفت کرنے والے کرپشن کو پرموٹ کرنا چاہتے ہیں۔ جبکہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں منشیات کی خرید و فروخت اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے واقعہ کی تحقیقات کے لئے اعلیٰ سطح کی 3رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ صوبائی سیکرٹری اور 2ڈی آئی جی پر مشتمل کمیٹی اس واقعہ کی انکوائری کرے گی اور 72گھنٹے میں رپورٹ پیش کرے گی۔ قانون اپنا راستہ اختیار کرے گا۔ ملتان اجلاس میں کیڑوں سے کپاس کو بچانے کیلئے حفاظتی اقدامات پر غور کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ کپاس 8500 روپے من سے کسی صورت کم پر فروخت نہیں ہونی چاہئے۔ تمام کمشنرز کو کپاس کی فروخت مقررہ نرخ پر یقینی بنانے کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ کاشتکاروں کو ان کی محنت کا پورا معاوضہ دلایا جائے گا۔ کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران فیلڈ وزٹ جاری رکھیں۔ دوسری جانب ملتان شہرکے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور گھنٹہ گھر، مچھلی مارکیٹ، عید گاہ، کینٹ ایریا، شجاع آباد روڈ اور دیگر علاقوں میں نکاسی آب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے ملتان کے مختلف علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے فوری نکاس کا حکم دیا۔ ملتان میں قلعہ کہنہ قاسم باغ کے دورہ کے دوران مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے ملتان کے قلعہ کہنہ کی فصیل کا بھی جائزہ لیا اور قلعہ کہنہ قاسم باغ کی صفائی کی ناقص صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور حضرت بہاو¿الدین زکریاؒ کے مزار کی عقبی جانب گندگی دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ اداروں کو ترجیحی بنیادوں پر صفائی کا حکم دیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے زائرین کی سہولت کے لئے مزار بہاو¿الدین زکریاؒ کے عقبی دروازے کو بحال کرنے اور کشادہ کرنے کا حکم بھی دیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ ملتان کا قلعہ کہنہ قاسم باغ تاریخی اثاثہ ہے، اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔