بہاولپور ہراسگی سکینڈل کی اعلیٰ سطح پر انکوائری کرائی جائے:خرم نوا زگنڈاپور
لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے ہراسگی سکینڈل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ اس کی اعلیٰ سطحی انکوائری کروائی جائے اور ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کے ساتھ ساتھ ایسے واقعات کے سدباب کےلئے ٹھوس حکمت عملی وضع ہونی چاہیے تاکہ قوم کی بیٹیوں کو کوئی مجرمانہ ذہنیت رکھنے والا شخص بلیک میل نہ کر سکے۔ انہوں نے کہا کم از کم ڈی آئی جی رینک کے افسر سے انکوائری کروائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ سے ہمارے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے نظم اور نظام تعلیم پر سنگین سوال اٹھے ہیں۔ والدین اعتماد کر کے اپنی بیٹیاں تعلیمی اداروں میں بھیجتے ہیں اور اگر وہاں جرائم پیشہ عناصر انہیں بلیک میل کریں گے یا ہراساں کریں گے تو پھر والدین اپنی بیٹیوں کو تعلیم دلواتے ہوئے سو بار سوچیں گے۔ اس واقعہ میں ملوث عناصر کو نشان عبرت بنایا جائے۔