جھوٹ‘ کرپشن کے خاتمے تک عدل والا معاشرہ نہیں بن سکتا: منور جماعتی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) حضرت امام حسین علیہ السلام نے ایک ظالم حکمران کی بیعت کرنے سے انکار کیا اور دین کی سربلندی اور حق و صداقت کی خاطر اہل بیت اور دیگر جانثار ساتھیوں کے ساتھ جام شہادت نوش کیا۔ آپ نے حق کی خاطر اپنا سر تو کٹوا دیا مگر باطل قوتوں کے سامنے سر نہیں جھکایا۔ ان خیالات کا اظہار سجادہ نشین حضرت امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے محرم الحرام کی مناسبت سے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی تاریخ میں محرم الحرام نہایت عزت و احترام اور فضیلت والا مہینہ ہے۔ نواسہ رسول نے کربلا کے تپتے ہوئے میدان میں حق کی خاطر اپنا سر تو کٹوا دیا مگر اس باطل قوتو ں کے سامنے جھکنے نہیں دیا۔ باطل قوتوں کے سامنے گھبرایا نہیں کرتے بلکہ ڈٹ جاتے ہیں۔ باطل قوتوں سے ٹکرانے کیلئے مسلمانوں کو حسینی فکر کو زندہ کرنا ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کی سربلندی اور اسلام دشمن قوتوں کو شکست دینے کیلئے حضرت امام حسین علیہ السلام کے کردار اور سوچ کو اپنانا ہو گا۔