بھارت نے گیٹ نہیں کھولے‘ کرتارپور راہداری پانچویں روز بھی بند
کرتار پور (آئی این پی ) بھارت نے گیٹ نہیں کھولے ، کرتار پور راہداری مسلسل پانچویں روز بھی بند رہی۔ کرتار پور انتظامیہ کے مطابق پاکستان کی طرف سے انتظامات مکمل کر لیے گئے، گاڑیاں اور عملہ یاتریوں کا منتظر ہے۔ بھارت نے گزشتہ روز یاتریوں کی لسٹیں بھیج دیں، مگر پیر کو بھی یاتری نہیں آئے۔ کرتار پور انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بھارت نے سیلابی صورتِحال کو جواز بنا کر راہداری بند کر رکھی ہے۔ حالانکہ راہداری پر نہ کہیں پانی ہے اور نہ ہی دریائے راوی میں سیلابی صورتِ حال ہے۔ کرتارپور کے گردوارہ دربار صاحب کے ہیڈ گرنتھی بھائی گوبند سنگھ نے بتایا کہ 19 جولائی کو دریائے راوی میں طغیانی آئی تھی جس کی وجہ سے کرتارپور زیرو لائن کے قریب بھی تھوڑا پانی پہنچا تھا۔ اب پانی کی سطح میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے ، اس وقت زیرو لائن اور اس کے قریب پانی موجود نہیں ، تمام راستہ کلیئر ہے ، اس لئے بھارتی حکام کو راہداری کھول دینی چاہئے۔