گیس کی قیمت 50 فیصد اضافہ کی منظوری عام آدمی کا معاشی قتل: ضیاء الدین انصاری
لاہور ( خصوصی نامہ نگار )امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے گیس کی قیمت میں 50 فیصد اضافہ کی منظوری کو حکومت کا ظالمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ گیس کی قیمت 50 فیصد اضافہ کی منظوری عام آدمی کا معاشی قتل ہے۔ بجلی کے بعد گیس کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ مرے کو مارنے کے مترادف ہے۔ روزانہ کی بنیاد پر آٹا، چینی، گھی، سبزیاں، پھل،دودھ،بجلی، پٹرول و گیس اوردیگر ضروریاتی اشیاکی بڑھتی قیمتوں نے سفید پوش اور غریب آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔ بے حس حکمرانوں نے آئی ایم ایف کی خوشنودی کیلئے عوام کو قربانی کا بکر ا بنا کر مہنگائی کی چھری غربیوں کی گردن پر چلا دی ہے۔ پاکستان کے ظلم پر مبنی نظام میں لاکھوں روپے تنخواہیں لینے والوں کو بجلی و گیس سمیت دیگر مفت سہولیات اور مراعات دی جارہی ہیں جو عوام کے حق پر ڈاکہ ہے۔ لوگوں کیلئے دووقت کی روٹی پوری کرنا مشکل ترین امر بن چکا ہے۔نااہل حکومت آئی ایم ایف کو خوش کرنے اور مزید قرضوں کے حصول کیلئے لوگوں پر مہنگائی کے کوڑے برسا رہی ہے جو ظلم اور بربریت کی انتہا ء ہے۔