سی سی پی او نے محرم کے ماتمی جلوسوں کے روٹس ‘امام بارگاہوں کا دورہ کیا
لاہور(نامہ نگار)کیپٹل سٹی پولیس آفیسر لاہور بلال صدیق کمیانہ نے محرم کے ماتمی جلوسوں کے روٹس، امام بارگاہوں اور مجالس کے مقامات کا دورہ کیا۔ سی سی پی او لاہور نے امام بارگاہ کرنل مجتبیٰ کیولری گراؤنڈ جنوبی چھاؤنی، امام بارگاہ نواب قزلباش چوہنگ، امام بارگاہ پنجتن پاک ٹاؤن شپ اورٹھوکر نیاز بیگ کے علاقے میں مختلف امام بارگاہوں کے سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پرمتعلقہ پولیس افسران نے سی سی پی او کو سکیورٹی امور سے متعلق بریفنگ دی۔ بلال صدیق کمیانہ نے امام بارگاہوں کے منتظمین، متولین اور لائسنس ہولڈرز سے سیکورٹی انتظامات سے متعلق استفسار کیا۔ امام بارگاہوں کے منتظمین نے سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیااور مجالس کے اوقات کی پابندی اور جلوسوں کے روٹس کے حوالے سے تعاون کی مکمل یقین دہانی کرائی۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ امام بارگاہوں اورمجالس کے مقامات پر فول پروف سکیورٹی انتظامات، مجالس اور جلوسوں کے روٹس کے جامع سکیورٹی پلان پر عملدرآمد یقینی بنایا جا رہاہے۔ کنٹرول رومز کے ذریعے مجالس و جلوسوں کے روٹس کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ امن کی فضا قائم رکھنا ہماری اولین ترجیح ہے اور امن و امان میں رخنہ ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔