پولیس کمپلینٹ سیل ‘ رواں سال 7016 درخواستیں نمٹا دی گئیں
لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کمپلینٹ سیل کے ذریعے درخواستوں پر عملدرآمد کے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا کہ لاہور پولیس کے زیرِانتظام کمپلینٹ سیل کے ذریعے شہریوں کو خدمات کی فراہمی مسلسل جاری ہے۔ لاہور پولیس کے کمپلینٹ سیل میں رواں سال مجموعی طور پر7056درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 7016 درخواستیں نمٹا دی گئیں، بقایا40درخواستوں پرکارروائی کی جارہی ہے۔ لاہور پولیس کے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے ایوانِ وزیر اعلیٰ کے پورٹل سے موصول ہونے والی تمام177 درخواستوں کو بھی نمٹا دیا گیا ہے۔ مسائل کے حل کیلئے سی سی پی او آفس آنے والے 3217درخواست گزاروں کی3213درخواستیں نمٹائی جا چکی ہیں جبکہ بقایا4پر کارروائی کی جا رہی ہے۔ بذریعہ ڈاک موصول ہونے والی 3656درخواستوں میں سے 3621پر بھی کارروائی عمل میں لائی جا چکی جبکہ 35پر کام جاری ہے۔ سی سی پی اوآفس کی عوامی شکایات کے حل کیلئے مختص ہیلپ لائن 1242کے ذریعے شہریوں کومسلسل ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔ شہری بلا خوف و خطر اپنی شکایات ہیلپ لائن 1242 پر درج کروائیں تا کہ فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔