ایشین گیمز، قومی کرکٹ ٹیموں کے سکواڈز فائنل
لاہور(سپورٹس رپورٹر)ایشین گیمز کرکٹ ایونٹ کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیموں کے سکواڈز فائنل کرلئے گئے ہیں ۔ذرائع کے مطابق ہینگزو ایشین گیمز مینز کرکٹ ایونٹ میں پاکستان ٹیم کی قیادت قاسم اکرم کریں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے کھلاڑیوں کی فہرست پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کو بھجوا دی ہے۔ذرائع کے مطابق ٹیم میں عامر جمال، آصف علی، ارشد اقبال، عرفات منہاس اور عثمان قادر شامل ہیں۔حیدر علی، خوشدل شاہ، مرزا طاہر بیگ، محمد حسنین، محمد اخلاق، عمیر بن یوسف، قاسم اکرم، روحیل نذیر ، شاہنواز دھانی اور صفیان مقیم بھی شامل ہیں۔ ایشین گیمز 23 ستمبر سے 8 اکتوبر تک چین میں ہوں گے۔ ایشین گیمز میں کرکٹ کے مقابلے ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں ہوں گے۔پاکستانی ویمنز ٹیم کا اعلان کردیا گیا، لیفٹ آرم سپنرانوشے ناصر اور دائیں ہاتھ کی بیٹرشوال ذوالفقار کو پہلی بارپاکستان کی 15رکنی سینئرویمنزٹیم میں شامل کیا گیا ہے ۔ ٹیم میں ڈیانا بیگ کی بھی واپسی ہوئی ہے۔پاکستانی ٹیم قواعدوضوابط کے مطابق ٹورنامنٹ کا آغاز کوارٹرفائنل سے کریگی جو 22سے 24ستمبر تک ہونگے۔سیمی فائنلز25 ستمبر کو کھیلے جائیں گے جبکہ فائنل 26 ستمبر کو ہوگا۔ کانسی کے تمغے کیلئے میچ بھی 26ستمبر کو کھیلا جائیگا۔ سکواڈ میں ندا ڈار (کپتان )‘عالیہ ریاض‘ انوشے ناصر‘ ڈیانا بیگ‘ فاطمہ ثنا‘ منیبہ علی‘ ناجیہہ علوی‘نشرہ سندھو‘ نتالیہ پرویز‘ عمیمہ سہیل‘ صدف شمس‘ شوال ذوالفقار‘ سدرہ امین‘ عروب شاہ اور ام ہانی شامل ہیں۔ سابق کپتان بسمہ معروف ایشین گیمزکی ٹیم میں شامل نہیں ہیں ۔ چیف سلیکٹرسلیم جعفرنے کہا کہ ایشین گیمزکیلئے اعلان کردہ ٹیم پاکستان میں ویمنز کرکٹ کے مستقبل کی نمائندگی کرتی ہے جس میں تجربہ کاراورایمرجنگ کرکٹرزشامل ہیں اورانہیں امید ہے کہ ٹیم ایشین گیمز میں اچھا کھیل پیش کریگی۔ کپتان ندا ڈارنے کہا کہ ایشین گیمز میں پاکستانی کرکٹرز نے متعدد یادگار لمحات دیکھ رکھے ہیں اورانہیں اس تاریخ کا حصہ ہونے کا اعزازحاصل رہا ہے تیسری مرتبہ گولڈ میڈل جیتنے کی کوشش کریں گے۔ ندا ڈارنے بسمہ معروف ٹیم کیساتھ نہ ہونے پرافسوس کا اظہار کیا اورکہا کہ ان کی کمی محسوس ہوگی‘ انہیں اندازہ ہے کہ بسمہ کیلئے پاکستان کی نمائندگی کیا معنی رکھتی ہے۔