چنیوٹ کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ، حفاظتی بند بنانے کا اعلان
لاہور (نیوز رپورٹر) دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی چنیوٹ کے متاثرہ موضع ساہمبل پہنچ گئے۔ محسن نقوی نے دریا کے کٹاؤ سے متاثرہ موضع ساہمبل کا تفصیلی دورہ کیا اور کٹاؤ کے باعث ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے متاثرہ لوگوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے کٹاؤ سے متاثرہ گاؤں اور منہدم گھروں کا معائنہ کیا۔ موضع ساہمبل کے 50 گاؤں مستقل طور پر زیر آب آئے ہیں جبکہ ایک گاؤں کے تمام گھر منہدم ہو چکے ہیں۔ وزیراعلی محسن نقوی نے موضع ساہمبل کو دریا کے کٹاؤ سے بچانے کے لئے حفاظتی بند بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ حفاظتی بند کے لئے فنڈز فوراً جاری کئے جا رہے ہیں۔ موضع ساہمبل میں موجود لوگ حفاظتی تدابیر اختیار کریں اوراس ضمن میں انتظامیہ سے تعاون کریں۔ وزیراعلی محسن نقوی نے انتظامیہ کو تمام تر حفاظتی اقدامات بروئے کار لانے کا حکم دیا اور کہا کہ حکومت سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ منہدم گاؤں کے مکینوں کا پورا خیال رکھا جائے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ موضع ساہمبل پر سیلابی پانی میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ متاثرہ گھروں کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرلیا گیا ہے۔ زیر آب دیہات میں 90 فیصد آبادی کا انخلاء ہو چکا ہے۔ دریائے چناب میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے تمام ترممکنہ اقدامات کئے جائیں گے۔ محسن نقوی نے ضلع چنیوٹ کی تحصیل بھوانہ اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بھوانہ کا دورہ کیا۔ محسن نقوی نے بھوانہ شہر میں بارش سے پیدا ہونے والی صورتحال اور ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ محسن نقوی نے شہر میں پانی جمع ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ کو نکاسی آب کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا اور کہا کہ بھوانہ شہر میں پانی کی جلد نکاسی کیلئے ضروری وسائل اور مشینری کو استعمال میں لایا جائے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے دوران امن عامہ کے قیام کے لئے پنجاب بھر میں فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ جلوسوں اور مجالس کی جیو ٹیگنگ کی گئی ہے۔ تمام جلوسوں اورمجالس کی سی سی ٹی وی کیمروں سے نگرانی کی جارہی ہے۔ محرم الحرام میں امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے پوری کوشش کررہے ہیں۔ انشاء اللہ اتفاق اور اتحاد سے امن کی فضا برقرار رکھیں گے۔ محسن نقوی نے فلاح عامہ کے منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی اور لاہو رمیں نکاسی آب کے مسائل کے پائیدار حل کیلئے قابل عمل پلان طلب کر لیا۔ لاہور سمیت بڑے شہرو ں کے ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی بروقت تکمیل ناگزیر ہے۔