• news

’’ایسے نہیں ڈریں گے‘‘ون سے کی خلاف ورزی پر 5ہزار جرمانہ کیا جائے: ہائیکورٹ

لاہور (خبر نگار) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس کی سماعت کرتے ہوئے ون وے کی خلاف ورزی پر 5000 روپے جرمانہ  کرنے کا حکم  دے دیا۔ عدالت نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو بھاری جرمانے کرنے کا بھی حکم دیدیا، یہ جرمانے سے ڈریں گے، کسی اور سے نہیں۔ عدالت نے مین بلیوارڈ کے اطراف سمیت دیگر اہم سڑکوں کو ون وے ڈکلیئر کرنے کی ہدایت کردی۔ سینما اور ریسٹورنٹس کے باہر غلط پارکنگ سختی سے روکی جائے، غلط پارک کی گئی گاڑیوں کو تھانے میں بند کردیں، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ہیلمٹ نہ پہننے والوں کے خلاف کارروائی جاری رکھیں ، لیکن دوسرے معاملات بھی دیکھنے کی ضرورت ہے، اب ڈرائیونگ لائسنس سسٹم کافی بہتر ہوگیا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ ٹریفک نظام کی بہتری کے لئے ایل ڈی اے نے ٹیپا کے ساتھ ملکر پلان بنانا تھا، جس پر وکیل ایل ڈی اے نے بتایا کہ سی ٹی او اور ٹیپا نے ٹریفک جام والے پوائنٹس کی نشاندہی کر لی ہے۔ ممبران ماحولیاتی کمیشن نے عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے متعلق رپورٹ پیش کی۔ عدالت نے سی بی ڈی انڈر پاس پر حکم امتناعی جاری کرنے کا عندیہ دے دیا۔ عدالت نے کہا کہ  سی بی ڈی کی طرف سے ذمہ دار افسر پیش ہوکر وضاحت کردے، عدالت یہ موقع سی بی ڈی کو دے رہی ہے، محکمہ ماحولیات اور واسا انڈر پاس کے ڈیزائن کا دوبارہ جائزہ لیں، رپورٹ کے بعد عدالت سی بی ڈی پر حکم امتناعی جاری کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرے گی، آپ دیکھ لیں حکومت کا کیا حال ہے، پھر کہتے ہیں کہ عدالتیں ان معاملات میں مداخلت کرتی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن