• news

گرفتاری سے بہتر ہے عمران نااہل ہو اور جیل جائے: رانا ثناء

 اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء  اللہ خان نے کہا ہے کہ امن و امان کی بہترصورتحال  اور شہریوں کے  جان ومال کے تحفظ کے بغیر کوئی ریاست آگے نہیں بڑھ  سکتی، تمام سکیورٹی فورسز  اپنے فرائض احسن طریقے سے سرانجام دے رہی ہیں، اس میں پولیس کا فرنٹ لائن کردار ہے، ایک سال میں وفاقی پولیس کی تنخواہوں، مراعات، شہداء پیکج سمیت تمام مطالبات پورے کردیئے ہیں، اب پولیس جرائم اوردہشت گردی پر قابو پانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں اور وسائل بروئے کار لائے۔ وہ بدھ کو اسلام آباد پولیس کی 38ویں کانسٹیبل پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کررہے تھے۔ جوانوں کی پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔ شرکاء سے خطاب  میں وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ اس بیج میں شامل جوانوں کو ملک کے مختلف حصوں سے قابلیت کی بنیاد پر بھرتی کیا گیا ہے،  پولیس افسر اور جوان ہمیشہ اپنے حلف کی پاسداری کریں ۔ ریاست کی بنیادی ذمہ داری شہریوں کی جان ومال  کا تحفظ ہے۔ وزیرداخلہ نے کہاکہ ریاست کا بنیادی مقصد کبھی کاروبار میں الجھنا نہیں بلکہ عوام کیلئے آسانیاں پیدا  کرنا ہوتی ہے جس ریاست نے اپنی بنیادی ذمہ داریاں پوری کی ہوں اسے ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا۔   امن وامان، شہریوں کے حقوق کے تحفظ کے بغیر پوری ریاست آگے نہیں بڑھ سکتی۔  اسلام آباد پولیس  ماڈل بنادی ہے  شہدا فیملیز کے عرصہ دراز سے پیکیج بقایا جات تھے جب مجھے معلوم ہوا تو وزیراعظم کے علم میں معاملات لایا تو انہوں نے فوری طور پر شہداء پیکج کے بقایا جات یکمشت  ادا کئے اور الحمد اللہ ہم اس حوالے سے بھی سرخرو ہوئے  ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد پولیس ہسپتال کیلئے 5 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ، اس کی تکمیل سے پولیس جوانوں اور ان کے اہل خانہ کو علاج کی بہترین سہولیات میسر آئیں گی، اسی طرح  اسلام آباد پولیس کے بچوں کی تعلیم کے حوالے  سے اقدامات اٹھائے ہیں اسلام آباد میں ہر قسم کے جرائم پر قابو ہونا چاہئے. مطلبات پورے کر دیئے۔  وزیر داخلہ  نے جناح ایونیو جی اور ایف 9 سیکشن کی توسیع کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، چیئرمین سی ڈی اے نور الامین مینگل نے وزیر داخلہ کو منصوبے سے متعلق بریفنگ دی منصوبے پر 410 ملین روپے لاگت آئے گی اس منصوبے کو تین ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کیا جائے گااس منصوبے کے تحت جناح ایوینیو کے دونوں اطراف دو لائنوں کا اضافہ کیا جائے گااس منصوبے سے شہر میں ٹریفک کی روانی میں بہتری آئے گی۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ملک میں دہشتگردی کا خطرہ موجود ہے نواز شریف  واپس آئیں گے تو بھرپور استقبال کیا جائے گا ٹیکنو کریٹ کبھی نیوٹرل نہیں ہوتے نگران وزیراعظم سیاستدان کو ہونا چاہئے مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس شیڈول میں نہیں ہے پرانی مردم شماری پر صرف ایم کیو ایم کو اعتراض تھا اس پر تو سب کو اعتراض ہے پہلی مرتبہ پنجاب کو بھی مردم شماری پر اعتراض ہے بلوچستان کے لوگ اب کہتے ہیں ان کی آبادی کو پہلے درست نہیں گنا جاتا تھا اس مردم شماری کو نوٹیفائی کیا گیا تو تنازع بڑھے گا۔ یہ غلط ہے کہ ہماری  پارٹی نے نگران وزیراعظم کیلئے اسحاق ڈار کا نام دیا۔  تجویز ہے کہ سیاستدان کو نگران وزیراعظم ہونا چاہئے۔ تجویز ہے کہ ٹیکنو کریٹ یا ریٹائرڈ جج کو نگران وزیراعظم نہیں ہونا چاہئے۔ چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرنے سے بہتر ہے کیسز میں ان کا ٹرائل ہو، عدالت سے سزا ہو، جیل جائے اور نااہل بھی ہو۔ نواز  شریف کو نہ نکالا جاتا تو ہمارے گلے میں پھندا نہ لگتا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے ملکی سیاست کو تباہ کر دیا۔ کسی سازش کے تحت الیکشن ملتوی نہیں ہوں گے۔ ایسا  نہیں ہو سکتا حکومت 3 ماہ کی چھٹی پر چلی جائے۔ نگران وزیراعظم کیلئے اسحاق ڈار، رضا ربانی سمیت کسی بھی سیاستدان کا نام  ہو سکتا ہے۔ راجہ ریاض مہر لگا دیں گے تو اتحادی نگران وزیراعظم کے معاملے کا جائزہ لیں گئے۔ پنجاب الیکشن ہو جاتا تو یہ عام انتخابات کو بے معنی کر دیتا۔ یہ خیبر پی کے میں نہیں صرف پنجاب میں الیکشن کروانا چاہتے تھے۔ چیئرمین پی ٹی آئی پنجاب میں الیکشن کرا کر ملک کو نقصان پہنچانا چاہتا تھا۔ نواز شریف الیکشن سے ڈیڑھ ماہ قبل وطن واپس آئیں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی سیاست میں فساد اور فتنے کے طور پر نمودار ہوا۔ وہ مخالفین کو ختم کرنا چاہتا تھا۔

ای پیپر-دی نیشن