• news

عوام حکمرانوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے‘ بجلی ٹیرف میں اضافہ مسترد کرتے ہیں: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت آخری دنوں کو عوام کی بجائے اپنے لیے استعمال کر رہی ہے۔ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی کی 15ماہ کی کارکردگی صفر ہے۔ حکمرانوں نے اس دوران صرف اپنے کیسز ختم کرائے۔ ترقیاتی فنڈز حکومتی ممبران کے حلقوں میں خرچ ہو رہے ہیں۔ الیکشن سے قبل دھاندلی کی بنیادیں رکھی جا رہی ہیں۔ عوام حکمرانوں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔ تینوں نام نہاد بڑی پارٹیاں ایکسپوز ہو گئیں۔ ملک کو اہل اور دیانت دار قیادت کی ضرورت ہے۔ جماعت اسلامی واحد آپشن ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پشاور میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے مہنگائی کم کرنے کی بجائے اس میں کئی سو گنا اضافہ کر کے عوام کا جینا عذاب کر دیا۔ بجلی ٹیرف میں اضافہ مسترد کرتے ہیں، عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ غریبوں پر بجلی بم گرانے کی بجائے اس کی چوری اور مفت استعمال ختم کیا جائے۔ حکومت سے مہنگائی کم ہوئی نہ معیشت میں بہتری آئی۔ انصاف اور احتساب کا کڑا نظام متعارف کرانا ہو گا، حکمرانوں نے ان مسائل پر توجہ دینے کی بجائے اپنے مفادات کا تحفظ کیا۔

ای پیپر-دی نیشن