• news

حکومت آخری اوورز کھیل رہی‘ مہنگائی ختم کرنے کا کوئی پلان نہیں: فردوس عاشق

لاہور (نیوز رپورٹر) استحکام پاکستان پارٹی کی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ استحکام پاکستان پارٹی کا منشور ملک کی بگڑی ہوئی سیاسی و معاشی صحت کی بحالی کا نسخہ ہو گا۔ قائد اعظم کی قیادت میں قیام پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا جبکہ جہانگیر ترین اور علیم خان کی قیادت میں استحکام پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا سویڈن کے بعد ڈنمارک میں بھی قرآن کریم کی بے حرمتی کے واقعہ کی پرزور مذمت کرتے ہیں۔ قرآن پاک کی بے ادبی کرنے والے آسمان کی طرف منہ کر کے تھوک رہے ہیں جو ان کے اپنے ہی چہروں پر گرے گا۔ آئی پی پی کی سیاست مخلص بھی ہے اور مختلف بھی ہے۔ گزشتہ ہفتے قومی دارالخلافہ میں آئی پی پی کا منشور پیش کیا آج ملک کے سیاسی دارالخلافہ میں اپنی پارٹی کا منشور پیش کر رہی ہوں۔ حکومت کے پاس مہنگائی ختم کرنے کا کوئی پلان نہیں۔ بجلی مہنگی کر کے اور ریڈیو ٹیکس لگا کر غریب آدمی کی مشکلات میں مزید اضافہ کیا گیا ہے۔ حکومت اپنے آخری اوورز کا میچ کھیل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کی قیادت میں قیام پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا جبکہ جہانگیر ترین اور علیم خان کی قیادت میں استحکام پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا۔ ایک اگست قیام پاکستان کا مہینہ تھا یہ اگست استحکام پاکستان کا مہینہ ہے۔ نئی سیاسی جماعت کے ساتھ ہی بہت سے نئے سیاسی کھلاڑی بھی میدان میں اتریں گے۔ نہوں نے کہا کہ ہماری عوامی رابطہ مہم بہت متحرک اور متاثر کن ہو گی۔ ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے کے لئے پاک فوج کی خدمات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن