• news

معاشی پالیسیوں کا تسلسل معیشت کیلئے ناگزیر ہے:آل پاکستان انجمن تاجران

 لاہور(کامرس رپورٹر ) آل پاکستان انجمن تاجران کے چیئرمین سپریم کونسل نعیم میر نے دیگر عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو نگران وزیراعظم بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔ تاجر رہنماسہیل بٹ ، خواجہ وسیم ، عمر جاوید بٹ ، اشفاق بٹ ، جعفر حسین ، رضوان بٹ ، عاصم قریشی ، شہزاد نثار، عمران مغل ، عامر بیگ بھی پریس کانفرنس میں موجود تھے۔ نعیم میر نے کہا کہ معاشی پالیسیوں کا تسلسل معیشت کیلئے ناگزیر ہے۔ خدا خدا کرکے پاکستان ڈیفالٹ سے بچ گیا۔ ہم معیشت پر کسی نئے تجربے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔ نگران وزیراعظم کی تقرری پالیسیوں کی تسلسل کی کڑی ہونی چاہئے۔ نعیم میر نے کہا کہ اسحاق ڈار نے 2 دفعہ پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا۔ اسحاق ڈار نے درپیش معاشی چیلنجز کا بصیرت اور حکمت کے ساتھ مقابلہ کیا۔ شہبازشریف کی قیادت میں اسحاق ڈار کی شبانہ روز محنت نے معیشت کو درست سمت دی۔ نعیم میر کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعظم کے لئے اسحاق ڈار سے بہتر کوئی چوائس نہیں ، بزنس کمیونٹی اسحاق ڈار کے ساتھ کام کرنے میں آسانی محسوس کرتی ہے۔ اسحاق ڈار کی سیاسی بصیرت سے بھی انکار ممکن نہیں، نعیم میر کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار معیشت کو مستحکم  اور رواں رکھ سکتے ہیں۔میرٹ کا تقاضا ہے کہ اسحاق ڈار کو موقع دیا جائے تاکہ ملک پائدار اقتصادی ترقی کی جانب گامزن ہو۔ 

ای پیپر-دی نیشن